0
Thursday 3 Oct 2024 22:57

کراچی کے حق اور وسائل پر کسی کو قبضہ کرنے نہیں دیں گے، منعم ظفر خان

کراچی کے حق اور وسائل پر کسی کو قبضہ کرنے نہیں دیں گے، منعم ظفر خان
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ کراچی کے حق اور وسائل پر کسی کو قبضہ نہیں کرنے دیں گے، عوام کے حقوق اور  بلدیاتی نمائندوں کے اختیارات لے کر رہیں گے، جماعت اسلامی کے منتخب چیئرمینز نے مختصر عرصے کے دوران اختیارات و فنڈز کی کمی کے باوجود بے مثال کام کئے ہیں، جماعت اسلامی کا یہ عزم ہے کہ  اس شہر کے 9 ٹاؤنز جو جماعت اسلامی سے وابستہ ہیں انکو  ماڈل ٹاون بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین لانڈھی ٹاؤن عبدالجمیل خان، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر کے ایم سی قاضی صدر الدین، وائس چئیرمین محمد عمران، گروپ لیڈر الخدمت عبدالحفیظ، کواڈینیٹر لانڈھی ٹاون اقبال سعید، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن کامران نواز کے ہمراہ سنور تا لانڈھی پروجیکٹ کے تحت یوتھ ایمپاورمنٹ آئی ٹی سینٹر، ای لائبریری و کڈز لائبریری کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی اپنے بانی ذوالفقار علی بھٹو کے بنائے گئے 1973ءکے آئین کے تحت اختیارات بھی موجودہ بلدیاتی نظام میں منتخب بلدیاتی نمائندوں کو دینے پر تیار نہیں، جماعت اسلامی کے چیئرمینز سندھ حکومت کے دیئے گئے اختیارات وسائل سے بڑھ کر کام کر رہے ہیں اور وہ کام بھی کروا رہے ہیں جو کہ ایم سی کی ذمہ داری ہے، سنور تا پروجیکٹ لانڈھی اپنی تکمیل کے بعد تاریخ رقم کرے گا۔ اس موقع ٹاون چئیرمین عبدالجمیل خان کہا کہ ہم عوام کی خدمت کو اپنا نصب العین سمجھتے ہیں، جماعت اسلامی کی تاریخ گواہ ہے کہ ہم کو جب بھی عوامی خدمت کا موقع ملا ہے ہم نے ترقیاتی کاموں کے ریکارڈ بنائے ہیں۔ اس موقع پر عبدالحفیظ، قاضی صدر الدین و دیگر نے خطاب کیا جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن محمد کامران نواز نے سنور تا لانڈھی پروجیکٹ کے تحت جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے تفصیلی بریفنگ بھی دی۔
خبر کا کوڈ : 1164196
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش