0
Tuesday 17 Sep 2024 12:21

جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر نام نہاد انتخابی عمل کا حصہ نہیں ہے

جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر نام نہاد انتخابی عمل کا حصہ نہیں ہے
اسلام ٹائمز۔ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جماعت اسلامی نے نام نہاد اسمبلی انتخابات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ تنظیم کے نام پر ایک نام نہاد پینل جو کچھ بھی کر رہا ہے، وہ بی جے پی اور آر ایس ایس کے کہنے پر کر رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق جماعت اسلامی مقبوضہ جموں و کشمیر نے 2019ء میں تنظیم پر پابندی لگنے کے بعد پہلی بار ایک بیان جاری کرتے ہوئے کشمیری عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ تاریخ کے اس نازک موڑ پر کشمیریوں کی مسلم شناخت اور سیاسی حقوق چھیننے کے بی جے پی اور آر ایس ایس کے مذموم عزائم کو ناکام بنائیں۔ بیان میں نام نہاد پینل کے جھانسے میں نہ آنے پر جماعت اسلامی کے کارکنوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ پینل بی جے پی اور آر ایس ایس نے ریاست میں اپنے مکروہ عزائم کی تکمیل کے لئے تشکیل دیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پینل کے دھونس، دبائو اور لالچ سمیت ہر طرح کے ہتھکنڈے ناکام ہونے کا بڑا ثبوت یہ ہے کہ ریاست میں کم از کم 50 ایسے انتخابی حلقے ہیں جہاں جماعت اسلامی کا اچھا خاصا اثرونفوذ ہے لیکن پوری ریاست میں محض 9 افراد انتخابات میں امیدوار بننے پر آمادہ ہوئے جن میں سے صرف ایک شخص جماعت کا باضابطہ رکن تھا۔

بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ جماعت اسلامی پر اس وقت پابندی عائد ہے اور اس کے نام پر کوئی بھی عمل کرنے سے گریز کیا جائے۔ بیان میں عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ اس بات پر غور کریں کہ وہ کونسی خفیہ قوتیں ہیں جنہوں نے نام نہاد پینل اور انجینئر رشید جیسے سیاسی شعبدہ بازوں کی نامزدگی کو نہ صرف آسان بنایا بلکہ دن رات اخبارات اور ٹی وی چینلز پر ان کی تشہیر کے لئے سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ بیان میں عوام پر زور دیا گیا کہ وہ اس نازک مرحلے پر کسی ملت فروش کی مدد کر کے اپنے پائوں پر کلہاڑی نہ ماریں۔
خبر کا کوڈ : 1160531
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش