0
Friday 20 Sep 2024 23:28

مسلمانان عالم غاصب صیہونی رژیم کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں، امام جمعہ بیروت

مسلمانان عالم غاصب صیہونی رژیم کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں، امام جمعہ بیروت
اسلام ٹائمز۔ جام جم آنلائن کے مطابق اسلامی عمل محاذ لبنان کے سربراہ شیخ زہیر جعید نے ہفتہ وحدت کی مناسبت سے ایران ٹی وی پر گفتگو کرتے ہوئے اسلامی مزاحمت اور غاصب صیہونی رژیم کے درمیان جاری جنگ کے اہم پہلووں پر روشنی ڈالی ہے۔ انہوں نے صیہونی مجرمانہ اقدامات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا: "صیہونیوں کی ذات میں مجرمانہ اقدامات اور قتل و غارت شامل ہے۔ انہوں نے جعلی صیہونی ریاست کی تشکیل کے آغاز سے ہی بے گناہ فلسطینیوں کا خون بہایا ہے۔ ان سالوں میں ہم نے غاصب صیہونی رژیم کی جانب سے لبنان، غزہ اور دیگر اسلامی ممالک کے عوام پر ظلم و ستم اور مجرمانہ اقدامات کا مشاہدہ کیا ہے۔ ان کی جانب سے بے گناہ انسانوں کا قتل عام کوئی نئی بات نہیں ہے۔" انہوں نے مزید کہا: "بے گناہ فلسطینیوں کے قتل عام کا مسئلہ اقوام متحدہ میں بھی اٹھایا گیا ہے لیکن غاصب صیہونی حکمران اس عالمی ادارے کو کوئی اہمیت نہیں دیتے جبکہ ہم نے دیکھا کہ انہوں نے طوفان الاقصی آپریشن کے دن اپنے ہی بچوں، خواتین اور مردوں کا قتل عام کیا تھا۔" شیخ زہیر جعید نے لبنان میں حالیہ پیجر دھماکوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا: "یہ پیجر صرف حزب اللہ لبنان کے افراد کے پاس نہیں تھے بلکہ بڑی تعداد میں عام لبنانی شہریوں کے زیر استعمال بھی تھے لہذا یہ دہشت گردانہ اقدام عام شہریوں کے خلاف تھا اور صیہونی حکمرانوں پر اس جرم میں مقدمہ چلانا چاہئے۔"
 
امام جمعہ بیروت علی فضل اللہ نے بھی اس پروگرام میں امریکہ اور مغربی ممالک کی جانب سے صیہونی جرائم کی بے دریغ حمایت کے بارے میں کہا: "گذشتہ چند دنوں میں صیہونی حکمرانوں نے جتنے بھی جرائم انجام دیے ہیں وہ امریکہ اور مغربی ممالک کی حمایت سے انجام دیے ہیں لہذا یہ دہشت گردانہ اقدامات امریکی اور مغربی بھی ہیں جن میں مسلمان مردوں، خواتین اور بچوں کو شہید کیا گیا ہے۔" انہوں نے مزید کہا: "صیہونی حکمران شدید بحران کا شکار ہیں اور مقبوضہ فلسطین کے شمالی حصوں سے بڑی تعداد میں صیہونی آبادکار نقل مکانی پر مجبور ہو چکے ہیں جو اس وقت جنوبی حصوں میں خیموں میں زندگی بسر کر رہے ہیں۔ غزہ جنگ کے بعد صیہونیوں کا جانی نقصان بہت زیادہ ہوا ہے لہذا اب وہ لبنان پر دباو بڑھانا چاہتے ہیں۔ وہ لبنانیوں سے انتقام کے درپے ہیں اور یوں محسوس کرتے ہیں کہ حزب اللہ لبنان نے ان کی تحقیر کی ہے۔" علی فضل اللہ نے کہا: "حزب اللہ نے صیہونیوں کے فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے جبکہ صیہونی عام شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ وہ ہمیشہ سویلین افراد کو نشانہ بناتے ہیں اور گذشتہ دنوں انہوں نے جو سائبر حملے کئے ان میں بھی عام شہریوں کا نقصان ہوا ہے۔" بیروت کے امام جمعہ نے زور دیتے ہوئے کہا: "صیہونی رژیم اپنے تمام اہداف میں شکست ہو چکی ہے اور اسے جان لینا چاہئے کہ اسلامی مزاحمت فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ہم دشمن کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔"
خبر کا کوڈ : 1161320
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش