0
Tuesday 17 Sep 2024 09:25

بھارتی مظالم کشمیریوں کو اپنے مقصد سے دستبردار ہونے پر مجبور نہیں کر سکتے، حریت کانفرنس

بھارتی مظالم کشمیریوں کو اپنے مقصد سے دستبردار ہونے پر مجبور نہیں کر سکتے، حریت کانفرنس
اسلام ٹائمز۔ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ قتل و غارت، گرفتاریاں، تشدد اور دیگر بھارتی مظالم کشمیریوں کو اپنے مقصد سے دستبردار ہونے پر مجبور نہیں کر سکتے اور وہ اپنی جدوجہد اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک وہ اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ حق خودارادیت حاصل نہیں کر لیتے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ضلع بارہمولہ کے علاقے کریری میں ایک جعلی مقابلے میں تین طالب علموں کی شہادت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ ترجمان نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق کی مسلسل خانہ نظربندی اور مختلف جیلوں میں بندحریت قیادت اور نوجوانوں کی غیر قانونی نظر بندی کی مذمت کی اور ان کی رہائی کا مطالبہ کیا۔ ایڈوکیٹ منہاس نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ حق خودارادیت کے حصول کے لیے منصفانہ جدوجہد میں مصروف ہیں اور اسے ہر قیمت پر اپنے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بی جے پی اور اس کے کٹھ پتلی اپنے بیانات اور پروپیگنڈے کے ذریعے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو نام نہاد انتخابی ڈرامے سے جوڑنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن وہ اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی زیر قیادت بھارتی حکومت اور اس کی کٹھ پتلی انتطامیہ کو یاد رکھنا چاہیے کہ آزادی کے لیے جدوجہد کرنے والے لوگوں کو دہشت گردی اور نام نہاد انتخابی ڈرامے سے جوڑا نہیں جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت مقبوضہ جموں و کشمیر میں ظلم و جبر سے کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد کو دبا نہیں سکتی۔ ایڈوکیٹ منہاس نے کہا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت کرے اور جموں و کشمیر میں استصواب رائے کے انعقاد کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔
خبر کا کوڈ : 1160495
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش