0
Monday 16 Sep 2024 09:48

ریاستی جامعات کو مالی مشکلات سے نکالنے کے لیے حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی،، انوارالحق

ریاستی جامعات کو مالی مشکلات سے نکالنے کے لیے حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی،، انوارالحق
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق کی زیرصدارت آزادجموں و کشمیر یونیورسٹی مظفرآباد کو درپیش مالی مسائل کے حل کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کشمیر ہاوس اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں وزیر ہائرایجوکیشن ملک ظفراقبال، مشیر ہمراہ صدر ریاست، چانسلر جامعہ کشمیر سردار امتیاز احمد، چیف سیکرٹری داود محمد بڑیچ، وائس چانسلر جامعہ کشمیر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی، سیکرٹری صدارتی امور محمد ادریس عباسی، سیکرٹری ہائیرایجوکیشن چوہدری محمد طیب، ویڈیو لنک کے ذریعے سیکرٹری مالیات اسلام زیب خان اور ڈائریکٹر فنانس جامعہ کشمیر پروفیسر ڈاکٹر خواجہ بشارت نے شرکت کی۔ سیکرٹری ہائیرایجوکیشن چوہدری محمد طیب نے وزیراعظم آزاد کشمیر کو دی جانے والی بریفنگ میں بتایا کہ ریاستی جامعات کو درپیش مالی مسائل بالخصوص بجٹ خسارے کے حوالے سے تمام جامعات سے ان کے مالی معاملات کی تفصیلات طلب کی گئی تھیں جن کا مفصل جائزہ لیا گیا ہے۔ انہوں نے ان مسائل کے حل کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں جن پر چیف سیکرٹری داود محمد بڑیچ اور سیکرٹری مالیات اسلام زیب خان نے بھی اپنی رائے کا اظہار کیا۔ 

سیکرٹری مالیات نے اجلاس میں بتایا کہ ریاست کی تمام جامعات کے مالیاتی ریکارڈ کا جائزہ لیا گیا ہے۔انہوں نے آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی مظفرآباد کے مالیاتی خسارہ کے حوالہ سے اپنی رائے کا اظہار کیا۔اس موقعہ پر جامعہ کشمیر کے ناظم مالیات پروفیسر ڈاکٹر خواجہ بشارت نے یونیورسٹی کو درپیش مالی مسائل،بجٹ خسارہ پر تفصیلاً روشنی ڈالتے ہوئے ان عوامل کی نشاندہی کی جن کے باعث جامعہ کشمیر کو مالی مشکلات درپیش ہیں۔ وائس چانسلر جامعہ کشمیر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے اجلاس میں جامعہ کشمیر کی فیکلٹی، ملازمین کی تفصیل، مالیاتی مسائل کی وجوہات اور ممکنہ حل کے حوالہ سے سیر حاصل گفتگو کی۔ وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے اجلاس میں سیکرٹری مالیات، سیکرٹری ہائیرایجوکیشن اور جامعہ کشمیر کے حکام کی جانب سے پیش کی گئی تفصیلات، آراء کا جائزہ لینے کے بعد اس امر کا اظہار کیا کہ جامعات کو اپنی گورننس و مالیاتی ڈسپلن کو بہتر بنانے کے لیے خاطرخواہ اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے جس کے لیے مربوط کاوشوں کی ضرورت ہے تاکہ مالیاتی نظم و نسق کو ہر سطح پر منظم کیا جا سکے۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ ریاستی جامعات نے نامساعد حالات کے باوجود خطے میں معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے قابل قدر خدمات فراہم کی ہیں جس پر جامعات کے انتظامی مشینری اور اساتذہ مبارکباد کے مستحق ہیں کیونکہ ان کی انتھک کوششوں سے ہی خطے میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں مدد ملی ہے۔ چوہدری انوارالحق نے اجلاس سے خطاب میں حکومت آزاد کشمیر کی مالی مشکلات کو بھی ذکر کیا اور بتایا کہ کس طرح ان کی حکومت نے مالی مسائل کے باوجود عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر شروع کیا۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ مالی مشکلات کے باعث، حکومت آزاد کشمیر خطے میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور جامعات کو ان مشکل حالات میں تنہاء نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر حکومت جامعات کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرتے ہوئے ان کی سرپرستی کرے گی۔

وزیراعظم نے جامعات کے وائس چانسلرز کو یقین دلایا کہ ان کے اداروں کو درپیش مالی خسارے سے عہدہ برآ ہونے میں حکومت آزاد کشمیر اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی اور یونیورسٹیز کو مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔ جامعہ کشمیر کے مالی خسارے پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چونکہ اس معاملہ پر سیکرٹری مالیات اور ڈائریکٹر فنانس آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی مظفرآباد کی مختلف آراء ہیں لہذا انہوں نے حکومت آزاد کشمیر کی طرف سے سیکرٹری مالیات و سیکرٹری ہائیرایجوکیشن جبکہ آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی کی طرف سے ڈائریکٹر فنانس پر مشتمل ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دی جو پیر 16ستمبر کو میٹنگ کے بعد متفقہ طور پر بجٹ خسارہ کی نشاندہی کرتے ہوئے اپنی سفارشات پیش کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 1160283
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش