0
Saturday 21 Sep 2024 12:14

نون لیگ چھبیسویں آئینی ترمیم کے لیے باؤلی ہوئی جا رہی ہے، پروفیسر ابراہیم

نون لیگ چھبیسویں آئینی ترمیم کے لیے باؤلی ہوئی جا رہی ہے، پروفیسر ابراہیم
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان نے جی پی او چوک ڈیرہ اسماعیل خان میں ممبر سازی کیمپ کا افتتاح کر کے ممبر سازی مہم کا باقاعدہ آغاز کردیا۔ اس موقع پر انہوں نے عہدے داران و کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ چھبیسویں آئینی ترمیم کے لیے باؤلی ہوئی جا رہی ہے، عجلت میں قانون سازی کر کے اپنا ہی نقصان کروائے گی۔ نکمے اور نا لائق حکمران یہ نہیں سوچتے کہ یہی قانون بعد میں انہی کے لیے درد سر بنے گا اور پھر یہ چیخیں چلائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ میاں شہباز شریف ہوش و حواس کھو چکے ہیں، جو بھی حکم مل رہا ہے اسے آگے لے کر جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں امن نہیں ظلم و جبر کا دور دورہ ہے، جنرل پرویز مشرف کے دور کی پالیسیاں آج بھی جاری ہیں، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نے وہی پالیسیاں نافذ کی ہوئی ہیں۔ جماعت اسلامی ظلم پر مبنی پالیسیوں کی مخالفت کر رہی ہے۔ حکمران چوری کرکے سینہ زوری بھی کررہے ہیں اور ہمیں ڈرا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام ظالم حکمرانوں کے گریبانوں میں ہاتھ ڈالیں گے، آئی پی پیز کے ظلم و جبر کا دفاع کرنے والے اب بجلی کے ٹیکسوں میں کمی کرنے پر عوام کو خوش خبریاں سناتے پھر رہے ہیں۔ یہ تو ابھی شروعات ہے، یہ سلسلہ آگے بڑھے گا، اگر عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں گے تو زیادتیاں مزید کم ہوں گی۔ کارکنان لوگوں کو جماعت اسلامی کا ممبر بنائیں۔ ممبر بننے کا مقصد ظلم کے نظام کے خلاف جماعت اسلامی کی مدد کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی مظلوم مسلمانوں کا عملی طور پر کوئی ساتھ نہیں دے رہا، ہم مسلم حکمرانوں کی غیرت و حمیت کو جگانا چاہتے ہیں، ہم فلسطین پر اسرائیل کی حکومت کو تسلیم نہیں کرتے۔ اسرائیل امریکا و برطانیہ کی ناجائز ریاست ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں عدل و انصاف کا نظام لانے اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کی خاطر متحرک و فعال ہے۔ مقتدر لوگوں کی عیاشیاں ختم کردی جائیں تو ملک میں امن ترقی و خوش حالی آئے گی۔ ہم ان سے عوامی حقوق چھینیں گے۔ 
خبر کا کوڈ : 1161237
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش