اسلام ٹائمز۔ پارلیمنٹ کا خصوصی آج سے شروع ہوگیا۔ اس سے ایک دن قبل 17 ستمبر کو نئے پارلیمنٹ ہاؤس میں پرچم کشائی کا پروگرام منعقد کیا گیا تھا، جہاں نائب صدر جگدیپ دھنکھر نے ترنگا لہرایا تھا۔ کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے نے اس پروگرام میں شرکت نہیں کی جس کی وجہ سے سیاسی حلقوں میں بحث تیز ہوگئی۔ مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی نے کہا کہ آج کا دن ایک اچھا دن تھا، ملک کی پارلیمنٹ ملک کا فخر ہے، یہ ہمارے آئینی عقیدے کا مرکز ہے۔ اسمرتی ایرانی نے کانگریس پارٹی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا بہت سے لوگوں نے خاص طور پر ہمارے فوجیوں نے قربانیاں دی ہیں تاکہ ہم ہندوستان میں فخر کے ساتھ قومی پرچم لہرا سکیں۔ ایک شہری کے طور پر یہ ہر ہندوستانی کے لئے فخر کی بات ہوگی اگر ہم میں سے کسی کو ملک کی پارلیمنٹ پر قومی پرچم لہرانے کا موقع ملتا ہے اور یہاں تک کہ اس کے سائبان کے نیچے کھڑا ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی یہ فخر کیوں محسوس نہیں کرتی، اس کا جواب گاندھی خاندان کے پاس ہے، میرے پاس نہیں۔ کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے نے پرچم کشائی میں شرکت نہ کرنے کے لئے پہلے سے طے شدہ پروگرام کا حوالہ دیا۔ انہوں نے پروگرام کا دعوت نامہ تاخیر سے ملنے پر بھی برہمی کا اظہار کیا۔ راجیہ سبھا کے سکریٹری جنرل پی سی مودی کو لکھے گئے خط میں ملکارجن کھرگے نے کہا کہ انہیں نائب صدر کا دعوت نامہ دیر سے ملا۔ انہوں نے اپنے خط میں بتایا کہ انہیں 15 ستمبر کی شام دیر گئے اس پروگرام کا دعوت نامہ موصول ہوا۔ ملکارجن کھرگے کے مطابق وہ سی ڈبلیو سی میٹنگ کے لئے حیدرآباد میں موجود تھے۔ 16 اور 17 ستمبر کو پارٹی کی ورکنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ 17 ستمبر کی رات دہلی پہنچیں گے۔