اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان جنوبی پنجاب کے زیراہتمام فلسطین و غزہ میں اسرائیل کی دہشتگردی اور بے گناہ انسانوں کے قتل عام کے خلاف حمایت مظلومین غزہ و فلسطین کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے صدر علامہ سید اقتدار حسین نقوی نے کی۔ دیگر شرکاء میں قائد اہل سنت علامہ حامد سعید کاظمی، مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری سلیم عباس صدیقی، سیکرٹری سیاسیات سید وسیم زیدی، علامہ قاضی نادر حسین علوی، مخدوم غوث العالمین گیلانی، علامہ غلام مصطفیٰ انصاری، ڈویژنل صدر آئی ایس او حسن رضا، بابو نفیس انصاری، راو عارف رضوی، سید سجاد بخاری، علامہ خالد فاروق، مظہر جاوید، بشارت قریشی، احمد قریشی، شاہد صدیقی، عبد الماجد وٹو، فرحت عباس ایڈووکیٹ، یافث نوید ہاشمی ایڈووکیٹ، سید اقبال مہدی زیدی ایڈووکیٹ، ظفر قریشی، عمران یوسف اور علامہ قاضی فیاض حسین نے خطاب کیا۔کانفرنس سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ ماہ رمضان کے آخری جمعۃ المبارک کو یوم القدس سرکاری سطح پر منایا جائے اور تمام سفارتی مشن اس حوالے سے تقریبات کا اہتمام کریں۔
شرکاء کانفرنس غزہ و دیگر فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ اسرائیل کے خلاف عالمی عدالت انصاف کے فیصلوں کے اجراء کا مطالبہ کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق ضروری سیز فائر کا مطالبہ کرتے ہیں۔ حکومت پاکستان تمام سیاسی، سفارتی، اقتصادی اور دیگر ذرائع سے مظلوم فلسطینیوں کی مدد کرے۔ عالمی برادری انسانی بنیادوں پر امداد کی مکمل بحالی اور غزہ کے محاصرے کا مکمل خاتمہ کرائے۔ غزہ سے ضروری اسرائیلی انخلاء مسجد اقصیٰ میں عبادت کی آزادی اور فلسطین کی مکمل آزادی کی حمایت کرتے ہیں۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غزہ اس دور کی کربلا بن چکا ہے۔ لوگ روزہ ایک دن کا رکھتے ہیں، غزہ کے بچے، بوڑھے، خواتین پانچ ماہ سے زائد روزے کی حالت میں ہیں۔ روزانہ سینکڑوں افراد اسرائیلی وحشت اور دہشت گردوں کی بھینٹ چڑھ رہے ہیں۔ 37 ہزار سے زائد انسان لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ دو لاکھ سے زائد زخمی ہیں۔
رہنمائوں نے مزید کہا کہ اسرائیل اس دور کا فرعون ہے وہ فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ مملکت خداداد پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے ویژن کے مطابق اپنے عالمی رول کو ادا کرے اور 51 اسلامی ممالک کی فوج مظلوم فلسطینیوں کا ساتھ دے امریکہ شیطان بزرگ ہے جو اسرائیل کی مکمل سپورٹ کر رہا ہے۔ ہمیں بھی ایک مسلمان ہوتے ہوئے اپنے مسلمان بھائیوں کی سپورٹ کرنی چاہیئے اور اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے۔ کانفرنس میں صوبائی فنانس سیکرٹری غلام حسنین انصاری، صوبائی تنظیم سازی سید دلاور زیدی، صوبائی سیکرٹری تعلیم علی رضا بخاری، صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری جواد مصطفیٰ، فہیم جعفر، ضلعی صدر ملتان فخر نسیم، ضلعی صدر عزاداری ونگ سخاوت سیال، ڈپٹی سیکرٹری تنظیم سازی یوتھ وجاہت مرزا، ثقلین نقوی، یوتھ صدر ملتان تیمور اور مسیب نقوی نے شرکت کی۔