اسلام ٹائمز۔ قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان "ماجد الانصاری" نے ابھی دوپہر کو دوحہ میں ایک پریس کانفرنس کی جس میں انہوں نے کہا کہ قطر نے غزہ کو ایندھن بھیجنے کے لئے ایک راستہ تشکیل دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز غزہ میں ایندھن کے 25 ٹینکر داخل ہوئے۔ اس موقع پر انہوں نے جنگ بندی کے معاہدے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ حماس اور صیہونی رژیم کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کا دوسرا مرحلہ رواں ہفتے کے آخر میں انجام پائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جنگ بندی کی نگرانی کے لئے قائم کمیٹی سیز فائر کو سبو تاژ نہیں ہونے دے گی۔ ماجد الانصاری نے امریکہ و مصر سے مطالبہ کیا کہ وہ قطر کے علاقائی و عالمی پارٹنرز کی حیثیت سے فریقین پر جنگ بندی کے معاہدے پر عمل کرنے کے لیے ضروری دباؤ ڈالیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ امریکہ کی سابقہ و حالیہ حکومت غزہ میں امن قائم کرنا چاہتی ہے۔ ہم غزہ میں مستقل جنگ بندی تک پہنچنے کے لئے ضروری اقدامات کر رہے ہیں۔
ماجد الانصاری نے کہا کہ ہم ٹرامپ انتظامیہ کی غزہ مذاکرات میں شمولیت کا خیر مقدم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ قیدیوں کے تبادلے کے دوسرے مرحلے کے اختتام کے بعد غزہ کی پٹی کے جنوب سے شمال کی جانب لوگوں کی نقل و حرکت کو آسان بنایا جائے گا۔ واضح رہے کہ غزہ کی پٹی پچھلے ایک سال سے IDF کے بدترین محاصرے میں تھی۔ اس دوران صیہونی فورسز نے کسی بھی قسم کی انسانی امداد اور ایندھن لے جانے والے ٹرکوں کو غزہ میں داخل نہیں ہونے دیا۔ حالانکہ یہ ایندھن غزہ میں ہسپتالوں کو بجلی فراہم کرنے والے جنریٹرز میں استعمال کیا جاتا تھا۔ اپنی گفتگو کے ایک دوسرے حصے میں ماجد الانصاری نے شام کے حوالے سے کہا کہ ہم دمشق میں نئی انتظامیہ کے مثبت اقدام کا استقبال کریں گے۔ ہم شام کی نئی حکومت کے ساتھ روزانہ کی بنیاد پر عالمی پابندیاں ہٹانے کے لئے تعاون کریں گے۔ مستقبل میں شام اور قطر کے درمیان وسیع تعلقات ہوں گے۔ ہم شامی حکومت کا ساتھ دیں گے تا کہ وہ صیہونی قبضے سمیت دیگر چیلنجز سے نبرد آزما ہو سکیں۔