1
Sunday 21 Jul 2024 08:58

پاراچنار میں سوئم عاشورا کے چار اہم اور مرکزی پروگرامز

پاراچنار میں سوئم عاشورا کے چار اہم اور مرکزی پروگرامز
رپورٹ: ایس این حسینی

13 محرم الحرام کو ضلع کرم کے اکثر امام بارگاہوں میں سوئم عاشورا کی مجالس کے اہتمام کے ساتھ محرم کی روایتی مجالس اپنے اختتام کو پہنچ گئیں۔ سوئم یعنی تیرہ محرم الحرم کی مرکزی مجالس چار مقامات پر منعقد ہوتی ہیں۔ سید فخر عالم بابا کڑمان اپر کرم، مزار شہید عرفانی پارچنار شہر، ابراہیم زئی لوئر کرم اور غربینہ لوئر کرم۔ کافی عرصہ سے میاں سادات اور ان کے عقیدتمند جنہیں مقامی اصطلاح میں میاں مرید کہتے ہیں، غربینہ لوئر کرم میں جمع ہوکر سوئم کی مجلس برپا کرتے ہیں۔ اس موقع پر عوام الناس کی ایک بڑی تعداد کے علاوہ خواص، سرکاری اہلکاران، سیاسی اور سماجی شخصیات بھی جمع ہو جاتی ہیں اور مجلس سننے کے علاوہ نیاز امام حسین بھی تناول فرماتی ہیں۔

کرم کے فخری، کاظمی، شیرازی اور نقوی سادات اور ان کے عقیدتمند جنہیں مقامی اصطلاح میں درے انڈی کہتے ہیں، وہ لوئر کرم میں مرحوم پیر سید ہاشم میاں کے گاؤں ابراہیم زئی میں جمع ہوکر سوئم مناتے ہیں۔ اس موقع پر علمائے کرام، مذہبی تنظمیوں کے نمائندگان، سیاسی اور سماجی شخصیات کے علاوہ سرکاری شخصیات بھی آجاتی ہیں اور یہاں پر مجلس سننے کے علاوہ نیاز امام حسینؑ بھی تناول فرماتی ہیں۔ تقریباً ساڑھے گیارہ بجے علامہ سید عابد حسین الحسینی مجلس سے خطاب کرتے ہیں۔ مجلس کے فوراً بعد وہ فخر عالم بابا جلوس میں شرکت کرنے کڑمان جاتے ہیں۔

سالہا سال سے قائم ماتمی روایات کے مطابق کڑمان میں حسینی سادات کے جد امجد سید فخر عالم بابا کے مزار پر عموماً فخری سادات اور آپ کے عقیدتمند جمع ہوکر سوئم مناتے ہیں۔ اس دوران قباد شاہ خیل کے فخری سادات آکر یوسف خیل کنڈہ سے جلوس کی شکل میں ماتم اور سینہ زنی کرتے ہوئے مزار سید پر پہنچ کر کچھ دیر کیلئے ماتم کرتے ہیں اور پھر مجلس کا اہتمام کرتے ہیں۔ یہاں اجتماع سے استاد العلماء علامہ سید عابد حسین الحسینی خطاب کرتے ہیں۔ سینکڑوں سالوں سے علاقے سب سے بڑا اجتماع مرکزی امام بارگاہ پاراچنار میں منعقد ہوا کرتا تھا۔ تاہم صفر 2014ء میں علامہ محمد نواز عرفانی کی شہادت کے بعد سن 2015ء سے ان کے عقیدتمند اطراف کے دیہات، شلوزان، کچکینہ، کراخیلہ للمئے وغیرہ سے جلوس کی شکل میں مزار تک جاتے ہیں۔ مزار کے احاطے میں لوگ جمع ہوکر ماتم اور آخر میں مجلس کا اہتمام کرتے ہیں۔ مجلس کے شرکاء میں نیاز تقسیم کی جاتی ہے۔ 

چنانچہ انہی سابقہ روایات کے عین مطابق امسال بھی امام بارگاہ ابراہیم زئی لوئر کرم اور امام بارگاہ غربینہ لوئر کرم کے مقامات پر سانحہ کربلا کے سوئم کے مرکزی پروگرامات کا انعقاد ہوا۔ جن میں سے ہر جگہ ہزاروں عزاداران امام حسین علیہ السلام نے شرکت کی۔ پاراچنار شہر میں بھی عزاداران امام حسینؑ نے علامہ محمد نواز عرفانی کے مزار تک جلوس کی شکل میں ماتم کیا۔ جلوس میں پاراچنار شہر اور اطراف کی بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ مزار عرفانی پر شرکاء سے علمائے کرام نے خطاب کیا۔ اس کے علاوہ کرم کے حسینی سادات کے جد امجد سید فخر عالم بابا کے مزار پر بھی عزاداروں نے جلوس کی شکل میں حاضری دی اور صاحب مزار کو اپنے جد مولا حسینؑ کا پرسہ پیش کیا۔ اس موقع پر بزرگ علام دین علامہ سید عابد الحسینی نے شرکاء مجلس سے عظمت قرآن کے موضوع پر خطاب کیا۔

اسی طرح لوئر کرم میں پیر سید ہاشم میاں کے گاؤں ابراہیم زئی میں سوئم عاشورا کی مناسبت سے مجلس کا انعقاد ہوا، جس میں ہزاروں عزاداروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر عوام الناس سے عظمت قرآن و اہلبیت کے موضوع پر علامہ سید عابد الحسینی نے خطاب کیا۔ علاقے کا چوتھا بڑا اور اہم پروگرام لوئر کرم کے علاقے غربینہ میں منعقد ہوا، جس میں عوام اور خواص کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تینوں مقامات پر شرکاء مجالس میں لنگر حسینی تقسیم کیا گیا۔ ان چار مرکزی پروگراموں کے علاوہ کرم کے دیگر امام بارگاہوں میں بھی چھوٹے بڑے اجتماعات کا انعقاد ہوا۔ تیرہ محرم کی ان مجالس کے بعد محرم کی مجالس اپنے اختتام کو پہنچ گئیں۔
خبر کا کوڈ : 1148749
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش