اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کو لاہور میں جلسہ کرنے کی اجازت دینے کیساتھ ساتھ اب جگہ کا تعین بھی کر دیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کو جلو پارک گراؤنڈ میں جلسہ کرنے کی اجازت دی گئی ہے، جلسے کیلئے دوپہر 2 بجے سے شام 5 بجے تک کا وقت دیا گیا ہے۔ این ای او 44 شرائط کیساتھ جاری کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاک فوج، عدلیہ اور حکومت پر تنقید کی اجازت نہیں ہوگی۔ تحریک انصاف جلسے کیلئے دیئے گئے وقت کی پابند ہوگی۔ وقت کی پابندی کا خیال نہ کرنے پر قیادت کیخلاف مقدمہ درج کروا دیا جائے گا۔ جلسے کی وجہ سے کوئی روڈ بلاک نہیں ہوگی، نہ ہی ٹریفک کی آمدورفت میں کوئی خلل ڈالا جائے گا۔ دوسری جانب جیو نیوز کا ذرائع ضلعی انتظامیہ کے حوالے سے بتانا ہے کہ پی ٹی آئی کو قصور روڈ پر کاہنہ کے قریب جلسہ کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔