0
Wednesday 11 Sep 2024 21:12
ذاتی مفادات کو قربان کرکے ہی وحدت اسلام کا عملی مظاہرہ کیا جاسکتا ہے

مولانا سید ظہیر عباس جعفری کا ’ہفتہ وحدت‘ کے سلسلے میں خصوصی انٹرویو

مشترکہ دشمن کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑے ہوجائیں
متعلقہ فائیلیںمولانا سید ظہیر عباس جعفری کا تعلق جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ سے ہے۔ سالہا سال سے وادی کشمیر میں دینی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔ مولانا سید ظہیر عباس جعفری انصار المہدی ٹرسٹ جموں و کشمیر کے چیئرمین بھی ہیں۔ اسلام ٹائمز کے نمائندے نے ہفتہ وحدت کے سلسلے میں مولانا ظہیر عباس جعفری سے خصوصی انٹرویو کا اہتمام کیا، جس دوران انہوں نے کہا کہ ذاتی مفادات کو قربان کرکے ہی وحدت اسلام کا عملی مظاہرہ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مبارک مہینہ چونکہ خصوصی طور پر پیامبر اعظم (ص) سے منسوب ہے اسلئے ہمیں اس ماہ میں خاص طور پر وحدت و ہمدلی کا مظاہرہ کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ جن کے دل میں شیطنت ہوتی ہے وہ ہر چیز میں اختلاف و تفرقہ ڈھونڈتے ہیں لیکن جو رحمانی صفات کے حامل ہوتے ہیں وہ ہر چیز میں جوڑنے، اتحاد اور یکجہتی کو تلاش کرتے ہیں، امام راحل (رہ) نے امت کے درد کو سمجھ کر امت کے اختلافی چیز کو بھی اتحاد کا باعث سمجھ کر ہفتہ وحدت کا اعلان کیا۔ مولانا سید ظہیر عباس جعفری نے کہا کہ رسول اکرم (ص) کی ذات مرکز ایمان ہے، اس ذات پر متحد ہوکر ہی ملت اسلامیہ بلندیوں کو طے کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا اتحاد و انسجام، میلاد النبی (ص) کی ریلیوں، جلسے و جلوسوں اور کانفرنسوں میں اتحاد و ہمدلی کے لئے لائحہ عمل مرتب کرنا ہی فلسطین کی بازیابی و آزادی کی راہ ہموار کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متحد ہوکر صہیونی حکومت کا بائیکاٹ کریں اور اس ظالم قوت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے مشترکہ دشمن کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑا ہونا چاہیئے، ہمیں سیرت کانفرنسز اور ریلیوں کے مرکزی موضوعات کے طور پر وحدت امت پر زور دینا چاہیئے۔ مولانا ظہیر عباس نے مزید کہا کہ شیعہ و سنی کو ایک دوسرے کے ذمہ داروں کو اپنے پروگراموں میں مدعو کرنا چاہیئے۔ قارئین و ناظرین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔ (ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial
خبر کا کوڈ : 1159265
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش