اسلام ٹائمز- پریس ٹی وی کے مطابق لبنان کے ممتاز سیاسی رہنما اور فری نیشنل موومنٹ آف لبنان کے سربراہ جناب مائیکل عون نے ملک کیلئے حزب اللہ لبنان کے وجود کو ضروری قرار دیتے ہوئے تاکید کی ہے کہ اسلامی مزاحمتی تحریک حزب اللہ کے بغیر لبنان اسرائیلی جارحیت کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتا۔ وہ ایک مقامی ریڈیو چینل کو انٹرویو دے رہے تھے۔ مچل عون نے کہا کہ ہم ایک ملک ہونے کی حیثیت سے حزب اللہ جیسی مزاحمتی قوت کے بغیر اسرائیل کا مقابلہ نہیں کر سکتے، لہذا یہاں سے عوام، فوج اور اسلامی مزاحمت کا فارمولا ابھر کر سامنے آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تینوں صہیونیستی دشمن کے مقابلے میں متحد اور اکٹھے ہیں۔ لبنان فری نیشنل موومنٹ کے سربراہ نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ لبنان کا مستقبل اسلامی مزاحمت کی بقاء سے جڑا ہوا ہے کہا کہ اسرائیل کی نیچر جارحانہ ہے اور وہ تمام دنیا پر قبضے کا خواہاں ہے۔ جناب مائیکل عون جو لبنانی پارلمانی پارٹی اصلاح اور تبدیلی کے سربراہ بھی ہیں نے 2006 میں اسرائیل اور حزب اللہ لبنان کے درمیان 33 روزہ جنگ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کا اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ رویہ صلح پر مبنی نہیں اور اسی وجہ سے 2006 کے بعد صہیونیستی رژیم کا زوال شروع ہو چکا ہے۔ یاد رہے جولائی 2006 میں اسرائیل نے جنوبی لبنان پر حملہ کر دیا تھا جو 33 روزہ جنگ کے نام سے معروف ہے، اس جنگ میں حزب اللہ لبنان نے اسرائیل کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور اسے ذلت آمیز شکست سے دوچار کر دیا۔ اس جنگ میں تقریباً 1200 عام لبنانی شہری لقمہ اجل بن گئے جن میں اکثر تعداد خواتین اور بچوں کی تھی۔