0
Tuesday 28 Jan 2025 14:12

جماعت اسلامی لاہور کا 31 جنوری کو پورے شہر میں احتجاج کا اعلان

جماعت اسلامی لاہور کا 31 جنوری کو پورے شہر میں احتجاج کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ لاہور میں جماعت اسلامی لاہور کے امیر ضیاءالدین انصاری نے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور اظہر بلال، نائب امراء لاہور وقاص احمد بٹ، چوہدری محمد شوکت، خالد احمد بٹ، جبران بٹ، سیکرٹری اطلاعات  عبدالعزیزعابد سمیت دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کی۔ ضیاء الدین انصاری کا کہنا تھا کہ بجلی و پٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ نے عوام کو معاشی بدحال کر دیا ہے، جبکہ راولپنڈی معاہدے کی پاسداری کیلئے حکومت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کریں گے۔ ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ راولپنڈی معاہدے کے مطالبات جماعت اسلامی کے نہیں بلکہ عوام کے ہیں جو حقیقی معنوں میں معاشی بدحالی کا شکار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکمران یاد رکھیں کہ بجلی کے بل کم نہیں ہوں گے تو اس معاہدے کو صرف زبانی جمع خرچ سمجھیں گے۔

ضیاء الدین انصاری نے مزید کہا کہ بجلی و پیٹرول کی قیمتوں میں عوام کو ریلیف ملنے تک احتجاجی مظاہروں اور دھرنوں کا سلسلہ جاری رہیگا جبکہ 31 جنوری کو  ملک گیر احتجاج کے موقع پر امیر جماعت حافظ نعیم الرحمن آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے بھی روڈمیپ دیں گے۔ امیر جماعت اسلامی لاہور کا کہنا تھا کہ حکومت کی آئی پی پیز سے ڈیل کے نتیجے میں ہزار ارب روپے کا فائدہ قومی خزانے کو ہو رہا ہے، لیکن عوام ریلیف سے محروم ہیں، جبکہ آئی پی پیز کے معاہدے حکومتوں کی مجبوری نہیں بلکہ نااہلی، بدعنوانی اور ذاتی مفاد کی کہانی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے کہ بجلی کے بل کم اور ناجائز ٹیکسز ختم کیے جائیں، جبکہ پیٹرول کی لیوی بھی کم کی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیروں، مشیروں، بیوروکریٹس، ججوں، جرنیلوں کی اربوں روپے کی سرکاری مراعات ختم کی جائیں اورعوام کو ریلیف دیا جائے، جبکہ ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں 140 فیصد اضافہ ملک کے غریب عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے اور تنخواہوں کے حوالے سے ارکان پارلیمنٹ کے شرمناک رویہ کو مسترد کرتے ہیں۔ امیر جماعت اسلامی لاہور نے مزید کہا کہ حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوں کیخلاف جماعت اسلامی سیسہ پلائی دیوار کا کردار ادا کرتی رہے گی۔
خبر کا کوڈ : 1187133
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش