اسلام ٹائمز۔ قدیم مصری اسلامی یونیورسٹی جامعہ الازہر نے کسی بھی ایسے منصوبے کی کھلی مخالفت کا اعلان کیا ہے کہ جو فلسطینی عوام کو غزہ کی پٹی چھوڑنے پر مجبور کرے۔ اس حوالے سے جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں جامعۃ الازہر نے تاکید کی کہ ہم اس بات پر زور دیتے ہیں کہ غزہ ایک فلسطینی عرب سرزمین ہے اور اسی طرح باقی رہے گا۔ جامعہ الازہر نے تاکید کی کہ غاصب و قابض رژیم اور اس کے مذموم حامی معصوم عوام کا قتل، تباہی اور خون بہا کر اس سرزمین کو بھی چھین لینے کی کوشش میں ہیں۔ عرب چینل الجزیرہ کے مطابق قدیم مصری یونیورسٹی نے مزید کہا کہ ہم مظلوم فلسطینیوں کو ان کی سرزمین سے بے دخل کر دینے کے کسی بھی منصوبے یا کوشش کی سخت مخالفت کا اعلان کرتے ہیں اور غاصب صیہونی رژیم کو، مظلوم فلسطینیوں کی سرزمینوں اور صلاحیتوں پر قبضہ جمانے کے قابل بنانے کی اس ابتر و غیر منصفانہ کوشش پر ہمیں سخت افسوس ہے!