اسلام ٹائمز۔ غاصب صیہونی رژیم کی جانب سے غزہ میں جنگ بندی معاہدے کی علی الاعلان خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس حوالے سے تازہ صیہونی جرائم کے بارے فلسطینی میڈیا نے اعلان کیا ہے کہ فلسطینی پناہ گزینوں کی غزہ کی پٹی کے شمالی علاقہ جات میں واپس کے ساتھ ہی غاصب صیہونی رژیم نے بھی النصیرات کیمپ پر ہوائی حملے کے ذریعے جنگ بندی معاہدے کی کھلی خلاف ورزی کی ہے۔ صیہونی چینل 12 کے مطابق غاصب اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی کے مرکز میں واقع النصیرات کے قریب ایک فلسطینی بلڈوزر کو نشانہ بناتے ہوئے تباہ کر دیا ہے جو غزہ کے شمال کی جانب واقع شاہراہ کو کھولنے کی کوشش میں تھا۔ ادھر العودہ ہسپتال نے بھی بیان جاری کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ النصیرات کیمپ کے مغرب میں واقع تبۃ النویری کے علاقے میں اس بلڈوزر پر ہونے والے غاصب اسرائیلی رژیم کے ہوائی حملے میں 1 فلسطینی شہری شہید ہوا ہے۔