اسلام ٹائمز۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ریاست سب سے مقدم ہے، لاحاصل جنگ سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ بلوچستان کے عوام ریاست کے ساتھ کھڑے ہیں اور پاکستان سے ہی ہمارا مستقبل وابستہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان کے ضلع چاغی میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی، سینیٹر دنیش کمار اور اعجاز سنجرانی بھی موجود تھے۔ سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام ہر قسم کی غیر قانونی سرگرمیوں سے دور رہ کر ترقی کا حصہ بننا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیروزگاری سے نمٹنے کے لیے ہنر مندی اور نوجوانوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔ اپنے نوجوانوں کو تعلیم اور ترقی کے مواقع فراہم کریں گے۔ یقین دلاتے ہیں کوئی نوکری فروخت نہیں ہوگی۔ نوجوانوں کو میرٹ پر نوکریاں ان کے گھر کی دہلیز پر فراہم کی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں غیر ملکی سرمایہ کار آرہے ہیں، جو صوبے کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔
ریکوڈک کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس منصوبے پر پہلا حق چاغی، رخشان ڈویژن کے عوام کا ہے۔ اس کے بعد اگر کچھ بچتا ہے تو باقی بلوچستان پر خرچ ہوگا۔ جیسا کہ تفتان میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت قائم ایل پی جی پلانٹ سے حاصل ہونے والا ریونیو تفتان کے عوام پر خرچ ہوگا۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تعلیم اور قانونی تجارت کو اپنائیں اور غیر قانونی سرگرمیوں سے دور رہیں۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ پاکستان ہی ہمارا مستقبل ہے اور ریکوڈک کی صورت میں چاغی سے پاکستان کی ترقی کا نیا سفر شروع ہوگا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے چاغی ڈسٹرکٹ کونسل کے لیے 15 کروڑ روپے گرانٹ اور سول اسپتال کے لیے ادویات کا بجٹ دو کروڑ روپے کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے چاغی میں دانش پبلک اسکول کے قیام کے لیے بھی اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔ سرفراز بگٹی نے عوام کو یقین دلایا کہ حکومت بلوچستان کے نوجوانوں کے بہتر مستقبل اور صوبے کی خوشحالی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔