0
Saturday 18 Jan 2025 19:51

فلسطینی قیدیوں کے تبادلے اور حزب اللہ کے مبینہ قیدیوں کے بارے نئی ​​تفصیلات

فلسطینی قیدیوں کے تبادلے اور حزب اللہ کے مبینہ قیدیوں کے بارے نئی ​​تفصیلات
اسلام ٹائمز۔ فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کی قیادت سے متعلق باخبر ذرائع نے عرب چینل المیادین کے ساتھ انٹرویو میں اعلان کیا ہے کہ حزب اللہ لبنان کے مبینہ مزاحمتکاروں سمیت 7 اکتوبر کے بعد گرفتار کئے گئے تمام فلسطینی قیدیوں کی رہائی، قیدیوں کے تبادلے کے دوسرے مرحلے تک ملتوی کر دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق قیدیوں کے تبادلے کے پہلے مرحلے میں صرف ان قیدیوں کو رہا کیا جائے گا کہ جنہیں مزاحمتی آپریشن طوفان الاقصی سے قبل سزائیں سنائی گئی تھیں تاہم اس مرحلے پر طوفان الاقصی کے دوران پکڑی گئی خواتین، بچوں و عام شہریوں کو بھی رہا کر دیا جائے گا۔ رپورٹ کے مطابق غاصب صیہونی رژیم نے لبنان پر جارحیت کے دوران متعدد مزاحمتی جنگجوؤں کی گرفتاری کی ویڈیو جاری تھی ہیں تاہم لبنانی مزاحمت نے تاحال اس کی تصدیق یا تردید نہیں کی۔

قبل ازیں فلسطینی مزاحمت کے ساتھ منسلک ذرائع نے بھی المیادین کو بتایا تھا کہ قاہرہ، جنگ بندی معاہدے پر عملدرآمد شروع کرنے کی تیاری کر رہا ہے جس میں قیدیوں کی حوالگی، امداد کی فراہمی اور جنگ بندی معاہدے کی کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کی مصر، قطر، امریکہ و اسرائیل کے ساتھ ساتھ حماس کی موجودگی کے ذریعے نگرانی شامل ہے۔ فلسطینی ذرائع نے المیادین کو یہ بھی بتایا کہ حماس کے پاس موجود اسرائیلی قیدیوں میں سے ہر ایک خاتون و بچے کے بدلے 30 فلسطینی خواتین و بچوں اور ہر ایک عمر رسیدہ (50 سال سے زائد) و بیمار اسرائیلی قیدی کے بدلے 30 فلسطینی عمر رسیدہ و بیمار قیدیوں کو رہا کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حماس کی جانب سے آزاد ہونے والی ہر ایک اسرائیلی خاتون قیدی کے بدلے عمر قید پانے والے 30 فلسطینی قیدی اور لمبی قید پانے والے وہ 20 فلسطینی قیدی بھی آزاد کئے جائیں گے کہ جن کی باقی ماندہ قید 15 سال سے زائد نہ ہو گی۔

ذرائع نے عرب میڈیا کو بتایا کہ قیدیوں کے تبادلے کے پہلے مرحلے میں وہ فلسطینی قیدی بھی شامل ہوں گے جو قبل ازیں معاہدے کے تحت سال 2011 میں آزاد ہوئے تھے لیکن غاصب صیہونی رژیم کی جانب سے انہیں ایک مرتبہ پھر قید کر لیا گیا تھا، جن کی تعداد 47 ہے۔ ذرائع کے مطابق اس معاہدے کی بنیاد پر، رہا ہونے والے فلسطینی قیدیوں کو ما قبل الزامات کے تحت یا بقیہ سزا پوری کرنے کے لئے دوبارہ گرفتار نہیں کیا جائے گا نیز انہیں اپنی رہائی کے بدلے کسی بھی معاہدے پر دستخط کرنے کی ضرورت بھی نہ ہو گی۔
خبر کا کوڈ : 1185090
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش