0
Saturday 18 Jan 2025 18:38

جمہوریت میں مضبوط اپوزیشن کا کردار نہایت اہم ہوتا ہے، اجے ماکن

جمہوریت میں مضبوط اپوزیشن کا کردار نہایت اہم ہوتا ہے، اجے ماکن
اسلام ٹائمز۔ انڈین نیشنل کانگریس نے حال ہی میں دہلی میں اپنے نئے ہیڈکوارٹر "اندرا بھون" کا باضابطہ افتتاح کیا تھا، جس میں پارٹی نے سرگرمیوں کا آغاز کر دیا ہے۔ کانگریس کے خزانچی اجے ماکن جنرل سیکریٹری برائے مواصلات جے رام رمیش اور میڈیا و تشہیر کے چیئرمین پون کھیڑا نے آج اندرا بھون میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ اجے ماکن نے کوٹلہ مارگ پر واقع کانگریس پارٹی کے نئے دفتر کی خصوصیات بیان کرتے ہوئے کہا کہ اندرا بھون کو جدید سہولیات اور تاریخی ورثے کے عکاس کے طور پر تعمیر کیا گیا ہے۔ کانگریس کو 19 نومبر 2007ء کو اس زمین کا الاٹمنٹ ملا تھا، جبکہ 2009ء میں اس کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔ تعمیراتی کام مکمل ہونے کے بعد 14 جنوری 2025ء کو کمپلیشن کم اوکیوپینسی سرٹیفکیٹ جاری ہوا اور 15 جنوری کو کانگریس پارٹی نے یہاں کام شروع کر دیا۔

انہوں نے بتایا کہ اندرا بھون کو ایک ایسے مرکز کے طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے جو نہ صرف پارٹی کا انتظامی مرکز ہوگا بلکہ اس کی جمہوری اقدار اور تاریخی ورثے کا آئینہ دار بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پانچ منزلہ عمارت 2100 مربع میٹر کے رقبے پر محیط ہے، اس میں 276 نشستوں کا آڈیٹوریم، مختلف میٹنگ رومز اور کانفرنس ہال موجود ہیں۔ یہاں تمام فرنٹل تنظیموں اور پارٹی کے سیلز کے عہدیداروں کے لئے نشستوں کا بندوبست کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اس جدید عمارت میں 134 درخت، 8675 پودے اور 264 آرٹ ورک اور تصاویر آویزاں ہیں۔

اجے ماکن نے مزید بتایا کہ دفتر میں موجود کیفیٹیریا کو نند لال بوس کی مشہور پینٹنگز سے آراستہ کیا گیا ہے، جو 1938ء میں مہاتما گاندھی کے کہنے پر ہری پورا کانگریس سیشن میں تیار کی گئی تھیں۔ مہاتما گاندھی نے اس اجلاس کو ہندوستانی ثقافتی ورثے کی عکاسی کے لئے ترتیب دیا تھا، جو آزادی کی جدوجہد کا استعارہ تھا۔ پریس کانفرنس میں اجے ماکن نے کہا کہ کسی بھی جمہوریت میں مضبوط اپوزیشن کا کردار نہایت اہم ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ "اندرا بھون" نہ صرف کانگریس کی جمہوری جدوجہد بلکہ ملک کے آئینی اصولوں کی حفاظت کے عزم کی علامت ہے۔
خبر کا کوڈ : 1185082
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش