0
Saturday 18 Jan 2025 14:03

خیبر پختونخوا میں بارش اور برفباری کا امکان، پی ڈی ایم اے کی احتیاطی تدابیر جاری

خیبر پختونخوا میں بارش اور برفباری کا امکان، پی ڈی ایم اے کی احتیاطی تدابیر جاری
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع میں آج 18 جنوری سے گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر شدید برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے اور یہ سلسلہ 21 جنوری تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق، چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مالاکنڈ، بونیر، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، وزیرستان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، بنوں، کرک اور کوہاٹ سمیت مختلف اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش اور برفباری متوقع ہے۔ پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے پیشگی نمٹنے کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کو چھوٹی اور بڑی مشینری کی دستیابی یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ بارش کے دوران بجلی کی تاروں، بوسیدہ عمارتوں، سائن بورڈز، اور بل بورڈز سے دور رہیں۔

حساس بالائی علاقوں میں سیاحوں اور مقامی آبادی کو موسمی حالات سے باخبر رہنے اور احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ حساس اضلاع میں مقامی آبادی کو ان ہدایات سے آگاہ کرنے کے لیے پیغامات مقامی زبانوں میں پہنچائے جائیں گے۔ پی ڈی ایم اے نے سیاحوں کو تاکید کی ہے کہ وہ موسمی حالات اور سڑکوں کی بندش کے پیش نظر سیاحتی مقامات کا رخ کرنے سے پہلے معلومات حاصل کریں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن سے رابطہ کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔ خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں موسم کی یہ پیشگوئی زندگی کے معمولات پر اثر ڈال سکتی ہے، لہذا عوام سے اپیل ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔
خبر کا کوڈ : 1185019
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش