اسلام ٹائمز۔ روس کے صدر "ولادیمیر پیوٹن" نے آج ایرانی صدر "ڈاکٹر مسعود پزشکیان" سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ولادیمیر پیوٹن نے ایران کے ساتھ اپنے تعلقات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ہمارے درمیان بہترین تعلقات ہیں۔ ہم دونوں ممالک ایک دوسرے کے مفادات کو ترجیح دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے درمیان اسٹریٹجک معاہدے پر دستخط کے اعلیٰ اہداف ہیں۔ آج ایران، روس کے ساتھ تعلقات میں آگے بڑھ رہا ہے اور یہ ارادہ روابط کی دنیا میں بہت اہمیت رکھتا ہے۔ ولادیمیر پیوٹن نے مزید کہا کہ ہم نے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے ساتھ بہت سارے مسائل کا جائزہ لیا۔ ان میں مذکورہ اسٹریٹجک معاہدہ بھی زیر گفتگو رہا جو دونوں ممالک کی خودمختاری پر زور دیتا ہے۔ انہوں نے اس جامع اسٹریٹجک معاہدے کے متعلق کہا کہ ہم کافی عرصے سے اس معاہدے پر کام کر رہے تھے اور اب میں بہت پُرامید ہوں کہ یہ موضوع اپنے انجام کو پہنچا۔ یہ معاہدہ مستقبل قریب میں تجارت و اقتصاد کے شعبے میں ہمارے لئے معاون ثابت ہو گا۔ روسی صدر نے کہا کہ دونوں فریقوں کے درمیان تعاون کی رفتار قابل قبول ہے۔ گزشتہ سالوں میں ہم نے کاروباری لین دین میں 15 فیصد اضافہ دیکھا۔