اسلام ٹائمز۔ عراقی وزیر خارجہ فواد حسین کا کہنا ہے کہ عراق، طاقتور مزاحمتی گروہوں (کہ جنہوں نے حالیہ برسوں میں امریکی افواج کا مقابلہ کیا اور فلسطینی مزاحمت کی حمایت میں اسرائیل کے خلاف میزائل و ڈرون طیارے داغے ہیں) کو قائل کرنے کی کوشش کر رہا ہے کہ وہ یا تو اپنے ہتھیار ڈال یا ملکی فوج کی طرح سرکاری سکیورٹی فورسز میں ضم ہو جائیں۔ کینیڈین خبررساں ایجنسی روئٹرز کے اس سوال پر کہ کیا بغداد، شامی و لبنانی حالات کے عراق میں سرایت کر جانے سے خوفزدہ ہے؟ فواد حسین کا کہنا تھا کہ یہ مسئلہ بغداد کے لئے بہت کم اہمیت رکھتا ہے اور ہمارا خیال نہیں کہ (ان حالات کا) اگلا ہدف عراق ہو گا۔
عراقی وزیر خارجہ نے کہا کہ بغداد حکومت ان (مزاحمتی) گروہوں پر قابو پانے کے لئے بات چیت کر رہی ہے اور ساتھ ہی ساتھ تہران و واشنگٹن کے ساتھ اپنے تعلقات کو منظم کرنے کا رستہ بھی تلاش کر رہی ہے۔ فواد حسین نے کہا کہ 2 یا 3 سال قبل، ہمارے معاشرے میں اس مسئلے پر بات کرنا ناممکن تھا لیکن اب، ریاست سے باہر رہتے ہوئے کام کرنے والے مسلح گروہوں کا باقی رکھنا، قابل قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے سیاسی رہنماؤں اور بہت سی سیاسی جماعتوں نے اس موضوع پر بات چیت شروع کر دی ہے لہذا ہمیں امید ہے کہ ہم ان گروہوں کے رہنماؤں کو اپنے ہتھیار ڈالنے اور پھر حکومتی ذمہ داری کے تحت مسلح افواج کا حصہ بننے پر راضی کر سکتے ہیں!