0
Tuesday 14 Jan 2025 14:15

حکومت کا پاک ایران سرحد پر نئی سرحدی راہداری کھولنے کا اعلان

حکومت کا پاک ایران سرحد پر نئی سرحدی راہداری کھولنے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ وفاقی حکومت نے ایران کے تعاون سے پنجگور میں پاک ایران سرحد پر ایک نئی سرحدی راہداری کھولنے کا اعلان کر دیا۔ جس سے دونوں ممالک کے درمیان قانونی تجارتی سرگرمیوں کو آسان بنانے، اشیاء کی سمگلنگ کی حوصلہ شکنی اور دونوں ممالک کی سرحد کیساتھ مقیم لوگوں کو روزگار اور کاروبار کے مواقع فراہم کیے جا سکیں گے۔ وفاقی ریونیو بورڈ نے پنجگور کے علاقے کوہک چیدگی میں پاکستان اور ایران کے درمیان چوتھا باضابطہ سرحدی کراسنگ پوائنٹ کھولنے کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا ہے۔ ٹرانزٹ اور بارڈر ٹریڈ کے سیکریٹری زبیر شاہ کے دستخط شدہ ایک خط میں گوادر کے کلکٹریٹ آف کسٹمز کو پنجگور بارڈر کراسنگ پوائنٹ کے علاقے کوہک چیدگی میں ضروری اقدامات کرنے اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز اور محکموں کیساتھ رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، تاکہ علاقے میں مطلوبہ بنیادی ڈھانچے کی ترقی کو فوری طور پر یقینی بنایا جا سکے۔

ایف بی آر کے خط میں کہا گیا ہے کہ اس حوالے سے پیشرفت رپورٹ بھی پیش کی جائے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے قانونی تجارتی سرگرمیوں کی سہولت کیلئے کوہک چیدگی میں پاک ایران سرحد پر نئی سرحدی کراسنگ کھولنے کے اقدام کا بلوچستان کی تاجر برادری نے خیر مقدم کیا ہے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے اس نئے تجارتی روٹ کے افتتاح کے نوٹیفکیشن کے اجراء کے بعد اب دونوں ممالک کے درمیان باضابطہ تجارت شروع ہو جائے گی، جس سے مقامی لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔
خبر کا کوڈ : 1184258
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش