اسلام ٹائمز۔ بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی نے وادی کشمیر میں "زیڈ-موڑ ٹنل" کا افتتاح کرنے کے بعد کہا کہ یہ مودی ہے کہ جو وعدہ کرتا ہے پھر نبھاتا بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر کام کا ایک وقت ہوتا ہے اور صحیح وقت پر صحیح کام بھی ہونے والے ہیں۔ اس سے پہلے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے آج پیر کو جموں و کشمیر کے سونہ مرگ میں 6.5 کلومیٹر لمبی زیڈ-موڑ ٹنل کا افتتاح کیا۔ اس ٹنل کے کھلنے سے سیاحوں کے لئے اس سیاحتی مقام پر پہنچنا اب سال بھر ممکن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مرکز میں ہماری حکومت بننے کے بعد ہی 2015ء میں سونہ مرگ ٹنل کی اصل تعمیر کا کام شروع ہوگیا تھا۔ انہوں نے کہا "مجھے خوشی ہے کہ اس ٹنل کا کام ہماری ہی حکومت کی مدت کار میں پورا بھی ہوا"۔ انہوں نے کہا کہ آپ یقین مانیے، یہ مودی ہے کہ جو وعدہ کرتا ہے، تو نبھاتا بھی ہے۔
نریندر مودی نے کہا کہ گزشتہ 10 سالوں میں جموں و کشمیر میں امن اور ترقی کا جو ماحول بنا ہے، اس کا فائدہ ہم پہلے ہی ٹورازم سیکٹر میں بھی دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اکیلے 2024ء میں 2 کروڑ سے زیادہ ٹورسٹ (سیاح) جموں و کشمیر آئے ہیں۔ یہاں سونہ مرگ میں بھی 10 سال میں 6 گنا زیادہ سیاح میں اضافہ ہوا ہے۔ جموں و کشمیر میں بدلے حالات سے متعلق وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ اب لوگ رات کے وقت بھی لال چوک پر آئس کریم کھانے جا رہے ہیں، رات کے وقت بھی وہاں بڑی رونق رہتی ہے۔ سونہ مرگ میں نریندر مودی نے کہا کہ ملک کی ترقی کے لئے، جموں و کشمیر کی ترقی کے لئے کئی لوگوں نے بے حد مشکل حالات میں کام کیا ہے۔