0
Wednesday 2 Oct 2024 22:31

امریکن قونصلیٹ کی جانب دوبارہ مارچ کے اعلان کیلئے بھی مشاورت کا عمل جاری ہے، علامہ حسن ظفر نقوی

امریکن قونصلیٹ کی جانب دوبارہ مارچ کے اعلان کیلئے بھی مشاورت کا عمل جاری ہے، علامہ حسن ظفر نقوی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ حسن ظفر نقوی، شیعہ علما کونسل کے ناظر عباس تقوی، آئی ایس او کراچی کے صدر ظفر حیدر سمیت مختلف شیعہ تنظیموں کے رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ گزشتہ اتوار پُرامن احتجاج کرنے والے ملت تشیع کے نوجوانوں پر پولیس گردی کی مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ ان  پر قائم بے بنیاد مقدمات کو فوری طور پر ختم کیا جائے۔ علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا کہ اسرائیل کے خلاف احتجاج کرنے والوں پر شیلنگ اور لاٹھی چارج حکومت کی یہود و نصاری سے ہمدردی کو ظاہر کرتی ہیں، اس وقت پوری دنیا اسرائیل بربریت کا پردہ چاک کر رہی ہے، اسرائیل کی تباہ حالی کی میڈیا جس انداز سے کوریج کررہا ہے اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسرائیل کے خلاف میڈیا اور عوام کی نفرت یکساں ہے، اسرائیل کے خلاف فلسطینی عوام جس طرح ڈٹی ہوئی اس پر ہم انہیں سلام پیش کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی ستر برسوں سے اپنی زمین پر قابض اسرائیل سے نبرد آزما ہیں، فلسطین کا مسئلہ فرقہ و مذہب سے بالاتر ہے، فلسطینی عوام سے یکجہتی کے اظہار کے لیے حکومت پاکستان کو  سات اکتوبر کی مناسبت سے ’’ہفتہ فلسطینی عوام‘‘ منانا چاہیئے، ملت تشیع نے ہفتہ مقاومت منانے کا اعلان کیا ہے، جلسے جلوس ریلیاں تعزیتی مجالس اور پھر ایک بڑی ریلی نکالی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مغرب کا منافقانہ رویہ افسوسناک ہے، فلسطین راکھ کا ڈھیر بن گیا رفاح کھنڈر بن گیا مغرب خاموش رہا، ایران نے جواب دیا تو یہ  سب چیخ اٹھے کہ معصوم اسرائیلی مار دیئے، حسن نصراللہ کی شہادت ظالموں کی شکست کی بشارت ہے، جتنی بڑی فتح مطلوب ہوتی ہے اتنی بڑی قربانی دی جاتی ہے، اسماعیل ہنیہ اور حسن نصراللہ سے بڑی کوئی قربانی نہیں ہوسکتی۔

شیعہ علماء کونسل پاکستان کے رہنماعلامہ ناظر عباس تقوی نے کہا کہ  پائیدار امن کے حکومتی ادارے ٹھوس اقدامات اٹھائیں۔پارہ چنار میں شیعہ سنی مسئلہ نہیں۔ ایک دہشتگرد ٹولہ ہے جس سے دونوں مسلک کے ماننے والے متاثر ہیں۔شہید حسن نصراللہ کی شہادت پر پوری دنیا سراپا احتجاج ہے۔کراچی میں پرامن ریلی کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی گئی ۔انتظامیہ نے پرامن ریلی پر شیلنگ کرکے حالات خراب کئے ۔ اب مقدمات درج کیے جانے کی اطلاعات بھی ہیں ۔ہم مقدمات اور گرفتاریوں سے نہیں ڈرتے۔ ۔اس وقت ہماری توجہ کا مرکز مسئلہ فلسطین ہے۔مشترکہ گرفتاریاں دینے کے بارے میں لائحہ عمل طے کرنے کے لیے جلد ہی اعلی سطح اجلاس بلائیں گے۔  امریکن قونصلیٹ کی جانب دوبارہ مارچ  کے اعلان کے لیے بھی مشاورت کا عمل جاری ہے۔

آئی ایس او کراچی کے صدر ظفر حیدر نے کہا کہ شیعہ سنی ہر مذہب کے ماننے والے آج اسرائیل کے خلاف اور فلسطین کیساتھ کھڑے ہیں، فلسطین کی حمایت سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوسکتے، آئی ایس او کے تحت بھی فلسطین سے یکجہتی کے لئے ہفتہ مقاومت منایا جائےگا، کراچی یونیورسٹی میں یوم حسینؑ کے انعقاد پر روڑے اٹکائے جاتے ہیں۔ اس برس تین طلباء کے داخلے منسوخ کئے گئے، یکم اکتوبر سے سات اکتوبر تک تمام تعلیمی اداروں میں فلسطین کی حمایت اور اسرائیل مخالفت میں پروگرامات کئے جائیں گے۔ علماء اہلسنت نے بھی حسن نصراللہ کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کرکے اعلان کردیا ہے کہ ہم سب ملت اسلامیہ ہیں، یہ وقت اتحاد امت کا ہے، اسرائیل کی نابودی کیلئے اسی اتحاد کی ضرورت ہے۔ پریس کانفرنس میں علامہ مختار امامی، علامہ صادق جعفری، رضی حیدر، سمیت دیگر رہنما موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 1163981
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش