0
Wednesday 2 Oct 2024 21:44

وقف ترمیمی بل ملک، ملت اور آئین کے حق میں نہیں ہے، جمعیت علماء ہند

وقف ترمیمی بل ملک، ملت اور آئین کے حق میں نہیں ہے، جمعیت علماء ہند
اسلام ٹائمز۔ موجودہ حکومت مسلمانوں کے خلاف روز بروز نئے قوانین بنا رہی ہے اور طرح طرح سے مسلمانوں کو پریشان کر رہی ہے۔ اب مودی حکومت نے مسلمانوں کی جائیدادوں کو جو ہمارے آباء و اجداد اور بزرگوں نے مسلمانوں کی دینی اور دنیاوی ترقی اور خوشحالی کے لئے وقف کیا تھا۔ ان پر قبضہ کرنے کے لئے وقف ترمیمی بل 2024 لایا ہے۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ اوقاف کی جائیدادوں کو سرکار اپنے قبضے میں لینا چاہتی ہے۔ موجودہ حکومت کا فیصلہ ملک و ملت کے خلاف ہے۔ اس لئے مسلمان اس بل کے خلاف ہیں اور آخری حد تک اس بل کو واپس لینے کے لئے کوشاں رہیں گے۔ دراصل آج وقف ترمیمی بل کے تعلق سے مدرسہ ترتیل القرآن کے زیر انتظام جمعیت علماء ہند گیا کا اجلاس منعقد ہوا تھا۔ اس اجلاس میں مولانا قاری عظمت اللہ ندوی نے ان خیالات کا اظہار کیا۔

اس اجلاس میں علماء کرام دانشور حضرات اور سیاسی سماجی کارکنان نے متفقہ طور پر قرارداد منظور کر کے وقف ترمیمی بل 2024 کو مسترد کر دیا اور اعلان کیا کہ اس بل کو پاس نہیں ہونے دیں گے اور قانون اور آئین کے مطابق جمہوری طریقے سے جدوجہد اور کوشش کرتے رہیں گے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مفتی قیصر نائب امام جامع مسجد گیا نے کہا کہ وقف املاک اللہ کی ملکیت میں ہوتی ہیں اور اس میں کسی قسم کی مداخلت جائز نہیں ہے، تو پھر حکومت کو مداخلت کرنے کا حق کیسے حاصل ہو سکتا ہے۔ مولانا شمشاد ندوی نے تفصیل سے وقف کے بارے میں بیان کیا اور موجودہ حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات پر سوالیہ نشان لگایا اور کہا کہ موجودہ حکومت کی نیت مسلمانوں کے تعلق سے اچھی نہیں ہے۔

ماہر قانون الحاج محمد منصور عالم ایڈووکیٹ نے کہا کہ 1995ء کا وقف ایکٹ بہت بہتر ہے۔ اسی کو باقی رکھنا چاہیئے، اب مجوزہ وقف قانون وقف املاک کے لئے بہت خطرناک ہے۔ مودی حکومت کو چاہیئے کہ مسلمانوں کی منشا کے مطابق قانون سازی کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس بل کا پارلیمنٹ میں پاس ہونا بہت مشکل ہے کیونکہ اپوزیشن لیڈران اس بل کے خلاف ہیں اور پورے ملک کے مسلمان بھی اس بل کے خلاف متحد ہیں۔ ایسے حالات میں حکومت کے لئے بہت اچھا ہوگا کہ بل کو واپس لے لے۔ اس اجلاس میں سیاسی لیڈر سید اقبال منور حسین نے سیاست میں مسلمانوں کی گرفت مضبوط کرنے پر زور دیا اور کہا کہ ہم سب کو متحد ہو کر سیاسی طاقت پیدا کرنے کی ضرورت ہے، تب ہی ہمارے مسائل حل ہوں گے اور اس کے لیے ہر طرح کی قربانی دینے کے لئے تیار رہنا ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 1163970
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش