0
Saturday 21 Sep 2024 15:56

لبنان میں اسرائیل کے حالیہ جرائم دہشتگردی کی واضح مثال ہیں، عبداللہ بوحبیب

لبنان میں اسرائیل کے حالیہ جرائم دہشتگردی کی واضح مثال ہیں، عبداللہ بوحبیب
اسلام ٹائمز۔ لبنانی وزیر خارجہ عبداللہ بوحبیب نے لبنان میں غاصب صیہونی رژیم کی جانب سے انجام پانے والے پیجر حملوں کے بارے منعقدہ سلامتی کونسل کے اجلاس میں شرکت کی اور ان واقعات کی اہمیت اور ان کے اثرات کی شدت کو سمجھنے کی کوشش پر سلامتی کونسل کا شکریہ ادا کیا۔

سلامتی کونسل کے مذکورہ اجلاس کے ساتھ اپنے خطاب میں لبنانی وزیرخارجہ نے تاکید کی کہ اگر دہشتگردی کی اس کارروائی کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی توجہ میں نہ لایا گیا اور اس کے مرتکب مجرموں کا پتہ نہ چلایا گیا تو اس کونسل کی ساکھ تباہ و برباد ہو جائے گی۔ عبداللہ بوحبیب نے زور دیتے ہوئے کہا کہ کیا یہ دہشتگردی نہیں کہ کسی پوری آبادی کو ہی، ان کے شہروں، بازاروں، دکانوں اور گھروں کے اندر نشانہ بنا دیا جائے؟ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حملے نے لبنان کے ہسپتالوں اور طبی ٹیموں کو ہنگامی حالت میں ڈال دیا ہے اور اب حالات لبنانی طبی عملے کے کنٹرول سے باہر ہو چکے ہیں جبکہ ہزاروں مواصلاتی آلات میں بڑے پیمانے پر غدارانہ بموں کو نصب کرنے کا سہارا لینا "قتل عام" کا ایک ایسا طریقہ ہے کہ جس کی وحشی پن و دہشتگردی میں کوئی مثال نہیں ملتی!

انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ جو کچھ ہوا وہ خالص دہشتگردی اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے جو بلاشبہ بین الاقوامی جرائم میں شامل ہے۔ بو حبیب نے تاکید کی کہ اسرائیل کو سزا اور احتساب سے بچنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی کیونکہ یہ مہم جوئی ایک جامع علاقائی جنگ کا باعث بن سکتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق اپنے خطاب کے آخر میں لبنانی وزیر خارجہ نے خبردار کیا کہ اسرائیل کو معلوم ہونا چاہیئے کہ وہ ہتھیاروں کے زور پر اپنے بے گھر غاصبوں کو ان کی غیرقانونی بستیوں میں واپس نہیں پہنچا سکتا اور اگر اس نے اپنے حملوں کو وسعت دی تو وہ مزید اُن غاصبوں کو بھی بے گھر کر دے گا جو تاحال بے گھر نہیں ہوئے!!
خبر کا کوڈ : 1161459
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش