0
Monday 18 Sep 2023 14:49

پرویز الٰہی ایک روزہ راہداری ریمانڈ پر اینٹی کرپشن حکام کے حوالے

پرویز الٰہی ایک روزہ راہداری ریمانڈ پر اینٹی کرپشن حکام کے حوالے
اسلام ٹائمز۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے اینٹی کرپشن پنجاب کی درخواست منظور کرتے ہوئے پرویز الٰہی کو ایک روزہ راہداری ریمانڈ پر ان کے حوالے کردیا۔ تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت میں اینٹی کرپشن حکام کی درخواست کی سماعت ہوئی جس میں پرویز الہی کو پیش کیا گیا۔ درخواست دائر ہونے پر پرویز الٰہی کے وکیل سردار عبدالرازق نے کہا کہ پرویزالٰہی پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے اسٹاف کو بھرتی کیا، کیا وزیراعلیٰ اپنا چیف سیکریٹری تعینات نہیں کرسکتا؟ کل پرویز الٰہی کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا، کل عدالت نے پرویز الٰہی کو ڈسچارج کیا، وزیراعلیٰ کے پاس اختیار ہے کہ اپنا اسٹاف تعینات کرے۔ وکیل صفائی سردار عبدالرازق نے کہا کہ جنوری سے اب تک سیاسی انتقام کا نشانہ بنایاجارہا، کمرہ عدالت سے ڈسچارج ہوتے ہیں تو پھر گرفتار کرلیتےہیں، محمد خان نامی شخص کو چیف سیکرٹری تعینات کرنا کہاں سے اختیارات سے تجاوز ہے؟ جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کہا کہ انکوائری بتائیں کب سے شروع ہوئی ہے؟ اس پر وکیل صفائی نے کہا کہ رات کو ڈی جی اینٹی کرپشن بیٹھ کر مقدمہ بناتا رہا ہے، لاہور ہائی کورٹ نے کہا پرویز الٰہی کو گرفتار نہیں کرسکتے، پھر کیسے گرفتاری کررہے؟ کل لاہور کے جج نے پوچھا اور کوئی کیس تو نہیں ان کے خلاف ؟ کل پراسیکیوشن نے جج کو بتایا کہ کوئی مقدمہ پرویزالٰہی کے خلاف نہیں۔

جج نے کہا کہ اور کوئی کیس ہے پرویزالٰہی کے خلاف تو بتا دیں؟ اس پر وکیل نے کہا کہ بتا کر نہیں مقدمات بناتے، گیارہ مقدمات ایسے ہی بنا دیے گئے ہیں۔ جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کہا کہ بہت افسوس ہوا، حیران کردیا ہے مجھے، پرویزالٰہی کے خلاف اور بھی کوئی مقدمات ہیں تو سامنے لے آئیں،  پرویزالٰہی اور ان کے وکلاء کو پانی پلائیں، چائے پلائیں، نفرت انسان سے نہیں، نفرت جرم سے ہے۔ جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے اپنے عملے کو پرویزالٰہی کے لیے قہوہ لانے کی ہدایت کردی اور کہا کہ پرویزالٰہی کی صحت کا خیال رکھیں، سب کے لیے آسانیاں پیدا ہوں۔ بعدازاں  جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے پرویزالٰہی کے رہداری ریمانڈ پر فیصلہ محفوظ کرلیا جو کچھ دیر بعد سناتے ہوئے عدالت نے پرویز الٰہی کا ایک روزہ راہداری ریمانڈ منظور کرلیا۔ عدالت نے چوہدری پرویز الٰہی کو ایک روزہ راہداری ریمانڈ پر اینٹی کرپشن حکام کے حوالے کردیا۔
خبر کا کوڈ : 1082359
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش