اسلام ٹائمز۔ آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے کہا ہے کہ نریندر مودی کی زیر قیادت بی جے پی کی فسطائی بھارتی حکومت اگلے برس عام انتخابات میں کامیابی کیلئے ماضی کی طرح کوئی بھی فالس فلیگ آپریشن کر سکتی ہے لہذا ہمیں اسکی سازشوں اور ریشہ دوانیوں سے پوری طرح ہوشیار رہنا ہو گا۔ بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے ان خیالات کا اظہار حق خودارادیت موومنٹ انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین سے گفتگو کے دوران کیا جنہوں آج کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں نو لاکھ سے زائد بھارتی فورسز اہلکاروں کی طرف سے انسانی حقوق کی پامالی عروج پر ہے، فوجیوں نے گزشتہ روز بارہمولہ میں مزید تین نوجوان شہید کیے۔
بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے کہا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ مقبوضہ علاقے میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی بند کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بھارتی سازشوں کو بے نقاب کرنے کیلئے دنیا کے ہر فورم پر موثر انداز میں آواز اٹھانا ہو گی اور بھارت کے مکروہ عزائم کو بے نقاب کرنا ہو گا۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں پر عرصہ حیات تنگ کر دیا ہے اور وہ مقبوضہ علاقے میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کیلئے بھارتی ہندوﺅں کو بڑے پیمانے پر علاقے کے ڈومیسائل سرٹیفکیٹس جاری کر رہا ہے جسکا عالمی برادری کو نوٹس لینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ بیرون ممالک آباد تارکین وطن کشمیری اور پاکستانی مظلوم کشمیریوں کی آواز بنیں اور مقبوضہ علاقے میں جاری بھارتی مظالم کا پردہ چاک کریں۔