اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے آرٹیکل 370 پر کشمیر کی نیشنل کانفرنس کی حکومت کو نشانہ بنانے پر آج پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی پر تنقید کی۔ یہاں شیر کشمیر بھون میں پارٹی کے درج فہرست ذاتوں کے کنونشن سے خطاب کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے فاروق عبداللہ نے کہا کہ پی ڈی پی کو خود کا جائزہ لینا چاہیئے کیونکہ یہ وہی پارٹی تھی جس نے بی جے پی کے ساتھ اتحاد کیا تھا جبکہ ہم نے اور کانگریس نے پی ڈی پی سے ایسا نہ کرنے کا مطالبہ کیا۔ کانفرنس میں اپنی تقریر کے دوران انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 370 مہاراجہ نے 1927ء میں جموں کے ڈوگروں کے تحفظ کے لئے لایا تھا نہ کشمیریوں کی۔ انہوں نے کہا کہ پڑوسی پنجاب کے لوگ خوشحال تھے اور مہاراجہ یہاں کے لوگوں کی زمینوں اور ملازمتوں کی حفاظت کرنا چاہتے تھے۔
فاروق عبداللہ نے کہا کہ پڑوسی پنجاب کے لوگ خوشحال تھے اور مہاراجہ جموں کے لوگوں کی زمینوں اور ملازمتوں کی حفاظت کرنا چاہتے تھے، وہ مسلامنوں کے ڈر سے کشمیر نہیں جانا چاہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بھارت کو باہر سے نہیں بلکہ اندر سے خطرہ ہے۔ نیشنل کانفرنس کے صدر نے کہا کہ وہ کس چیز سے ڈرتے ہیں، کیونکہ وہ آبادی کا 80 فیصد ہیں۔ کانگریس پارٹی کے اس الزام کا جواب دیتے ہوئے کہ عمر عبداللہ کی حکومت نے اتحادی شراکت داروں سے مشورہ نہیں کیا۔ فاروق عبداللہ نے کہا کہ حکومت جانتی ہے کہ کیا کرنا ہے، کوئی بھی حکومت کو شرائط نہیں لگا سکتا۔