0
Saturday 16 Jan 2021 23:57

سید مقاومت کیساتھ شہید جنرل قاسم سلیمانی کی آخری ملاقات کی تصاویر

اسلام ٹائمز۔ گذشتہ سال ایک سفارتی مشن کے دوران عراقی سرزمین پر امریکی دہشتگردانہ ٹارگٹ کلنگ میں شہید ہونے والے ایرانی سپاہ پاسداران کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کی جانب سے لبنانی مزاحمتی فورس حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصراللہ کے ساتھ آخری ملاقات پر مبنی تصاویر شائع کر دی گئی ہیں۔ عرب نیوز چینل المیادین نے "اللقاء الاخیر" (آخری ملاقات) کے عنوان سے ایک ڈاکومنٹری فلم نشر کی ہے، جس میں شہادت سے چند روز قبل سید مقاومت کے ساتھ شہید قاسم سلیمانی کی آخری ملاقات پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ اس ریکارڈڈ پروگرام میں حزب اللہ لبنان کے سربراہ کا کہنا تھا کہ عام طور پر شہید جنرل قاسم سلیمانی کے ساتھ ملاقات کے دوران تصویر برداری سے متعلق عملہ بھی موجود رہتا تھا، لیکن آخری بار شہید قاسم سلیمانی کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں انہوں نے تصاویر اور ویڈیوز بنائے جانے پر خصوصی رضایت کا اظہار کیا تھا۔

سید مقاومت کا کہنا تھا کہ شہید قاسم سلیمانی آخری مرتبہ جب ملاقات کو آئے تو تب بدھ کی رات تھی اور وہ بہت پرسکون اور مطمئن نظر آرہے تھے۔ سید حسن نصراللہ نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ وہ مستقبل کے حوالے سے انتہائی پرامید تھے اور اس حوالے سے انہوں نے متعدد خوشخبریاں بھی دی ہیں۔ سربراہ حزب اللہ لبنان نے کہا کہ حشد الشعبی کے سابق ڈپٹی کمانڈر شہید ابو مہدی المہندس کی شخصیت بھی شہید قاسم سلیمانی کے مانند تھی جبکہ وہ میدان جنگ میں ہمیشہ اکٹھے رہتے تھے۔ اس دوران انہوں نے 3 افراد (شہید جنرل قاسم سلیمانی، شہید ابو مہدی المہندس اور خود) پر مشتمل ایک تصویر کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس ملاقات کے دوران جو ضاحیہ میں ہوئی تھی اور ایک لمبی ملاقات تھی، انہوں نے عراقی صورتحال پر گفتگو کی تھی جبکہ اس ملاقات کا مقصد عراقی حالات کا جائزہ لینا اور غاصب صیہونی رژیم کی جانب سے حزب اللہ یا علاقے پر ہونے والے کسی بھی ممکنہ حملے کی صورت میں عراقی مزاحمتی محاذ کی ذمہ داریوں کا تعین تھا۔
خبر کا کوڈ : 910629
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش