اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین صوبائی سندھ کراچی ڈویژن لیگل کمیٹی کی شب روز کی کوششوں اور جدوجہد کے نتیجے میں اسیران حامیان مظلومین پاراچنار نمائش چورنگی کراچی میں شامل مزید پانچ کمسن اسیران سینٹرل جیل کراچی سے رہا کر دیئے گئے۔ تمام اسیران کی رہائی کے بعد صوبائی سیکرٹیریٹ وحدت ہاؤس سولجر بازار آمد کے موقع پر علامہ سید باقر عباس زیدی، علامہ مختار احمد امامی، علامہ صادق جعفری، علامہ حیات عباس نجفی، علامہ مبشر حسن، سید رضی حیدر رضوی، سید علی نیر زیدی، سید احسن عباس رضوی، حسن رضا، ناصر حسین الحسینی، کلیم زیدی و دیگر رہنماؤں سمیت خانوادہ اسیران نے استقبال کیا۔ اس موقع پر علامہ اصغر حسین شہیدی سمیت علامہ باقر عباس زیدی، علامہ صادق جعفری، علامہ مبشر حسن و دیگر رہنماؤں نے تمام اسیران کی جرات اور استقامت کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر مجاہد ملت عالم باعمل علامہ سید حسن ظفر نقوی نے تمام اسیران اور ان کے خانوادوں سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور اپنی جانب سے تمام اسیران کیلئے زیارت امام رضا علیہ السلام کا اعلان کیا۔ آخر میں تمام خانوادہ اسیران اور اسیر نوجوانوں نے مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کراچی ڈویژن لیگل کمیٹی کی شب و روز کوششوں اور رہائی میں مکمل تعاون پر شکریہ ادا کیا۔