اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن جامعہ کراچی یونٹ و دفتر مشیر امور طلبہ کی جانب سے یوم مصطفی (ص) کا انعقاد پارکنگ ایریا گراؤنڈ نزد ایڈمنسٹریشن بلاک میں کیا گیا۔ پروگرام کی صدارت شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کی، جس میں اساتذہ سمیت طلبہ و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ یوم مصطفیٰ (ص) کی عظیم الشان تقریب سے آیت اللہ غلام عباس رئیسی، ریسرچ اسکالر سید مبشر حیدر زیدی اوتر فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابومریم نے خطاب کیا جبکہ معروف نعت و منقبت خواں حضرات نے بارگاہ رسالتؐ میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ یوم مصطفیٰ (ص) میں اے پی ایم ایس او، پنجابی اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن، پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن سمیت دیگر طلبہ تنظیموں کے رہنما بھی شریک تھے۔ یوم مصطفی (ص) کے اختتام پر اسٹوڈنٹس ایڈوائزر جامعہ کراچی ڈاکٹر نوشین نے اختتامی کلمات کے ذریعہ تمام مہمانان گرامی کا شکریہ ادا کیا اور آئی ایس او جامعہ کراچی یونٹ کی جانب سے سالانہ یوم مصطفی (ص) کے شاندار انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔