2
Friday 31 May 2024 19:10

3 جون۔۔۔ تمہارے بعد ظالموں کا ڈر نہیں رہا

3 جون۔۔۔ تمہارے بعد ظالموں کا ڈر نہیں رہا
تحریر: نذر حافی

کیا اسلام قصّہ پارینہ ہے۔؟ کیا دینِ اسلام کے پاس کسی قسم کا کوئی سیاسی، سائنسی، تعلیمی اور اقتصادی نظام نہیں۔؟ کیا دین فقط عبادات اور مذہبی رسومات کے مجموعے کا نام ہے۔؟ کیا مشکلات کے حل کیلئے دین کے پاس نت نئے فتووں، کچھ دعاوں، مخصوص چلہ کشیوں، روزانہ پڑھنے والے وظیفوں، گلے اور بازو پر باندھنے والے یا گھول کر پینے والے تعویزوں اور پھونکوں کے سوا کچھ بھی نہیں۔؟ اگر کچھ افراد لوگ کراچی جانے والی ٹرین کے ڈبوں کو  لاہور جانے والے انجن کے پیچھے  لگا دیں گے تو اُس ٹرین میں سوار سارے لوگ کراچی کے بجائے لاہور یعنی غلط منزل پر پہنچیں گے۔ اس میں آپ ٹرین یا انجن کو غلط کہیں گے یا انجن تبدیل کرنے والے حضرات کو؟ آج مسلمان جس منزل پر پہنچ چکے ہیں، بلا شبہ یہ ان کی منزل نہیں تھی۔

لگتا ہے کہ کسی منزل پر اُمّت مسلمہ کی ٹرین کا انجن اور ٹریک تبدیل کر دیا گیا ہے؟ اسی طرح اگر ہزاروں سال مزید مسلمان آگے چلتے جائیں گے تو وہ اپنی اصل منزل سے مزید دور ہوتے جائیں گے۔ مقام فکر ہے کہ منزل سے دوری  کا علاج واپس اپنی خودی اور خالص دینِ اسلام کی طرف واپس پلٹنا ہے یا اغیار کے رنگ میں رنگ کر اُن کی چاکری کرنا ہے۔؟ کیا مسلمانوں کے اپنی خودی کی طرف پلٹنے سے مراد قرآن مجید کو رٹہ لگانا، لمبی داڑھی اور سر پر پگڑی  رکھنا ہے یا زندگی کے تمام تر شعبوں میں امانتداری، حق پرستی، رزق حلال اور سچائی سے کام لینا ہے۔؟ ظاہری طور پر لباس، داڑھی، پگڑی اور حُلیہ تو اخروٹ کے باہر والے چھلکے کی مانند ہے، لیکن اُس چھلکے کے اندر جو مطلوب ہے، وہ امانتداری، حق پرستی، رزقِ حلال اور سچائی ہے۔

آج سے صرف چھیالیس سال پہلے، جہانِ اسلام اس پر ایکا کرچکا تھا کہ مسلمانوں کیلئے بادشاہت ایک الہیٰ نعمت ہے۔ مسلمان علماء بادشاہوں کی اطاعت کو عبادت قرار دیتے تھے، بادشاہوں کی حصول اقتدار کی جنگوں میں مرنے والوں کو شہادت کا ایوارڈ دیا جاتا تھا اور جمہوریت ایک کُفر تھا۔ بادشاہوں کے زیرِ سایہ درباری ملاوں کی اپنی ایک سلطنت تھی، اغیار سائنس و ٹیکنالوجی اور صنعت و حرفت میں برق رفتار ترقی کر رہی تھے جبکہ نام نہاد  علمائے اسلام نے لوگوں کو سُنی و شیعہ میں تقسیم کرکے مناظروں کا بازار گرم کر رکھا تھا۔ کلمہ حق کہنے والے علماء کو زندانوں میں ڈال دیا جاتا تھا جبکہ درباروں میں مذاہب و مسالک کے نام پر ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کیلئے قلم و بیان کی طاقت کا استعمال عام تھا۔ ایک بڑے عرصے تک مسلمانوں کو ایک اُمّت بنانے کے بجائے اُنہیں اسلام سے نکالنے اور ٹکڑوں میں تقسیم کرکے آپس میں لڑوانے کو جہاد سمجھا جاتا رہا۔

بالآخر مسلمانوں کے ہاں اسلام فقط اتنا بچا تھا کہ نومولود کا نام اسلامی رکھ کر اُس کے دائیں کان میں اذان، بائین کان میں اقامت دے کر اُس کا ختنہ کر دیا جاتا تھا، باقی ساری زندگی وہ مذہبی رسومات میں پھنسا رہتا تھا اور وہ نہیں جانتا تھا کہ اسلام نے اُس کی ترقی، فلاح و بہبود اور رُشد کا بھی کوئی سامان فراہم کیا ہے یا نہیں۔ ایسے میں 11 فروری 1979ء کو ایران میں اسلامی انقلاب آیا۔ اسلامی انقلاب یعنی اسلام اپنی حقیقی شکل میں دوبارہ طلوع ہوا۔ حضرت امام خمینی نے مسلمانوں کو چلہ کشیوں، روزانہ پڑھنے والے وظیفوں، گلے اور بازو پر باندھنے والے یا گھول کر پینے والے تعویزوں اور پھونکوں سے نکال کر   اسلام کو سمجھنے اور عملی کرنے کی دعوت دی۔ یہ دعوت، اسلامی جمہوریّت کے ہمراہ تھی۔ اسلامی جمہوریت یعنی تھیو کریسی اور بادشاہت دونوں کا خاتمہ۔

مشرق و مغرب کی ساری طاقتیں اس اسلامی جمہوریت کو روکنے میں مصروف ہوگئیں اور فتووں و درہم و دینار کا بے دریغ استعمال کیا گیا۔ بڑی مشکلات اور کٹھن حالات سے یہ انقلاب گزرا۔ بالآخر 3 جون 1979ء کو حضرت امام خمینی ؒنے اس دارِ فانی سے کوچ کیا۔ یہ وہ روز تھا کہ حب ساری اسلام دشمن طاقتیں، ان کے آلہ کار اور ان کے پروپیگنڈے سے متاثرہ و فریب خوردہ مسلمان یہ چہ مہ گوئیاں کرنے لگے کہ حضرت امام خمینی ؒ کے بعد یہ اسلامی انقلاب مزید نہیں چلے گا۔ لازم ہے کہ اس سال 3 جون 2024ء کو ہم سب یہ جائزہ لیں کہ حضرت امام خمینیؒ کے بعد اسلامی انقلاب آگے بڑھا یا نہیں؟ مزید چلا یا نہیں؟ اس انقلاب نے ترقی اور فلاح و بہبود کے مزید زینے طے کئے یا نہیں۔؟

علم و اجتہاد کے ساتھ ساتھ سائنس و ٹیکنالوجی میں اس انقلاب نے کامیابی کی مثالیں قائم کیں یا نہیں۔ ؟ 3 جون 1989ء کو حضرت امام خمینی نے ملت اسلامیہ کو عزت و استقلال کا راستہ دکھانے کے بعد اپنی آنکھیں بند کر لی تھیں، آپ نے مسلمانوں کو آگاہ اور خبردار کیا تھا کہ امریکہ اور برطانیہ اس دنیا میں دو بڑے شیطان ہیں۔ 3 جون 1989ء کے بعد آج ساری دنیا ان دونوں بڑے شیطانوں کو پہچان چکی ہے۔ 3 جون 1979ء تک دنیا کو شک تھا کہ اسلامی نظامِ حکومت چلے گا بھی یا نہیں، آج اسلامی نظام حکومت کے پاس چھیالیس سالہ یعنی نصف صدی کا کامیاب تجربہ بھی ہے۔

3 جون 1989ء کے بعد اس انقلاب نے دنیا کے سامنے اسلام کی حقانیت کا لوہا منوایا، داعش، القاعدہ اور طالبان کے بجائے دینِ اسلام کی حقیقی تصویر دنیا کے سامنے رکھی، ساری دنیا خصوصاً فلسطین، شام، عراق، بحرین، یمن اور لبنان میں بصیرت، مقاومت اور وحدت اسلامی کی عظیم الشّان مثالیں قائم کیں۔ حضرت امام خمینی نے فرمایا تھا کہ وہ زمانہ گزر گیا، جب امریکہ اپنے اسلحے اور طاقت کے بل بوتے پر دوسرے ممالک پر قبضہ کیا کرتا تھا۔ آج 3 جون 2024ء کو اسلامی انقلاب اتنی ترقی کرچکا ہے کہ رہبر انقلاب اسلامی کا امریکہ سمیت ساری طاغوتی طاقتوں کیلئے یہ واضح پیغام ہے کہ "دوران بزن در رو گذشتہ، بزنید می خوری"۔۔۔ مار کر بھاگنے کا زمانہ ختم ہوگیا ہے، مارو گئے تو منہ کی کھاو گئے۔
خبر کا کوڈ : 1138859
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش