متعلقہ فائیلیںخصوصی رپورٹ
متحدہ علماء محاذپاکستان کے زیر اہتمام بانی سربراہ مولانا محمدامین انصاری کی میزبانی، مرکزی سینئر وائس چیئرمین حجة الاسلام علامہ محمد حسین مسعودی، مرکزی چیئرمین علامہ عبدالخالق فریدی سلفی کی زیر صدارت طوفان الاقصیٰ و اسرائیلی جارحیت کے ایک سال مکمل ہونے اور شہدائے فلسطین حسن نصراللہ، اسماعیل ھانیہ و دیگر کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے منعقدہ سیمینار میں شریک مہمانان خصوصی محاذ سندھ کے صدر شیخ الحدیث مولانا مفتی محمد داؤد، مسلم اتحاد فورم پاکستان کے چیئرمین مولانا قاری سید طاہر جمال تھانوی، پاکستان امن کونسل سندھ کے صدر علامہ عبدالماجد فاروقی، محاذ کے مرکزی رہنما حجة الاسلام علامہ حسن شریفی سمیت مختلف مکاتب فکر کے جید علماء مشائخ و سیاسی زعماء نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حماس و حزب اللہ ہمارا فخر ہیں۔
علماء مشائخ نے کہا کہ مجاہدین فلسطین کی تمام مقاومتی و مزاحمتی تنظیمیں بلاامتیاز رنگ مسلک پورے عالم اسلام کیلئے متفقہ طور پر سرمایہ ہیں، غزہ فلسطین پر اسرائیلی انسانیت سوز وحشیانہ جارحیت کے خلاف پاکستان کی حکومت، مذہبی و سیاسی تنظیموں اور عوام کو ایک پیج پر ہونا چاہیئے، مسلم حکمران قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی کیلئے اپنی علیحدہ مشترکہ اسلامی فوج تشکیل دیں،اسرائیل کو معاشی طور پر کمزور کرنے کیلئے سرکاری سطح پر تمام تر اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے، فرقہ وارانہ سازشیں اسرائیلی، امریکی، استعماری مذموم مقاصد و عزائم کو تقویت دے رہی ہیں۔
علماء مشائخ نے کہا کہ حسن نصراللہ، اسماعیل ھانیہ جیسے عظیم مجاہدین فلسطین کو ظلماً شہید کرکے آزادی القدس کی تحریک کو دبایا، جھکایا اور مٹایا نہیں جاسکتا، شہدائے فلسطین کا نام و کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا جبکہ ظالم جابر غاصب ناجائز صیہونی ریاست اسرائیل کا ناپاک وجود عنقریب نیست و نابود ہوجائے گا۔ سیمینار میں سعودی ایران کے مابین تعلقات کی پیش رفت کا خیر مقدم کرتے ہوئے سعودی عرب اور ایران کے درمیان مستقل بنیادوں پر اتحاد کو وقت کی اہم ترین ضرورت اور اسرائیل کیلئے موت کا پروانہ قرار دیا گیا۔ سیمینار میں آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے تہران میں تاریخی جرأت مندانہ خطبہ جمعہ کا خیر مقدم کیا گیا۔
سیمینار سے علامہ پروفیسر ڈاکٹر سید شمیل احمد قادری حنبلی، پیپلز علماء مشائخ کے رہنما علامہ ڈاکٹر شاہ فیروزالدین رحمانی، جماعت اہلحدیث کراچی کے صدر ملی یکجہتی کونسل سندھ کے رہنما علامہ مرتضیٰ خان رحمانی سلفی، پاک سولجر سندھ کے رہنما مولانا مفتی وجیہہ الدین، سواد اعظم اہلسنت اور جمعیت علمائے اسلام س کے رہنما مولانا محمد اقبال ڈھروی، انٹرنیشنل ختم نبوت سندھ کے امیر علامہ ڈاکٹر مفتی عبدالغفور اشرفی، ساؤتھ افریقہ سے آئے ہوئے ممتاز عالم دین مولانا مفتی محمد امین نقشبندی، محاذ کے صوبائی رہنما استاذ القراء مولانا قاری محمد اقبال رحیمی نے خطاب کیا۔
سیمینار میں جامع مسجد اشرف لیاقت آباد کے امام خطیب جامعہ حفصہ کے مہتمم مولانا اظہر فاروقی، مولانا مفتی علی المرتضیٰ، محاذ کراچی کے رابطہ سیکریٹری و پیپلز لیبر ونگ کے رہنما یعقوب احمد شیخ، پاکستان نظریاتی پارٹی سندھ کے ترجمان مولانا قاری محمد ابراہیم چترالی، صدر ضلع شرقی ابوسعید جدون، تحریک صوبہ ہزارہ سندھ کے رہنماؤں سردار رضوان کڑلال، سردار وقاص کڑلال، کڑلال ویلفیئر کمیٹی پاکستان کے رہنما سردار سردار طارق یوسف، ڈاکٹر محمد لقمان، ممتاز سیاسی رہنما سید انور شاہ کے صاحبزادے فاسٹ ٹریول اینڈ ٹورز اور کنسلٹنسی کے ڈائریکٹر سید وقاص انور و دیگر نے بھی شرکاء سے گفتگو کی۔
سیمینار میں شہید القدس حسن نصراللہ کی شہادت پر ان کے اہل خانہ ، حزب اللہ اور خصوصاً ایران کے روحانی پیشوا آیت اللہ علی خامنائی سے تعزیت کا اظہار کیاگیا۔غزہ فلسطین کے مظلوم مسلمانوں و شہداء سے ہاتھوں میں ہاتھ اٹھا کر یکجہتی کا اظہار کیاگیا ۔ ملکی امن و استحکام ، فلسطین و کشمیر کی آزادی و کامیابی اور افواج پاکستان کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔ سیمینار میں فنکشنل علماء مشائخ ونگ سندھ کے رہنما مولانا پیر حافظ گل نواز خان ترک نے تلاوت قرآن کریم کی سعادت حاصل کی جبکہ معروف نعت و منقبت خواں حسین الدین شاہ رحمانی نے بارگاہ رسالت و اہل بیت اطہار کی شان اقدس میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔
قارئین و ناظرین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔ (ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial