متعلقہ فائیلیںرپورٹ: اعجاز علی
لبنان کی مزاحمتی تحریک حزب اللہ کے سربراہ شہید سید حسن نصراللہ اور فلسطین کی مزاحمتی تحریک حماس کے سربراہ شہید اسماعیل ہنیہ کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کی جانب سے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں شہید مقاومت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں شہر کے مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے عمائدین، علماء کرام، سیاسی شخصیات اور دیگر معتبرین نے شرکت کی۔ تعزیتی کانفرنس سے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی، ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے نائب صدر و امام جمعہ علامہ علی حسنین حسینی، جماعت اسلامی بلوچستان کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی، حق دو تحریک کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمان، بلوچستان نیشنل پارٹی کے ایگزیکٹیو کمیٹی کے رکن غلام نبی مری، صوبائی امیر جماعت اہل حدیث مولانا عتیق الرحمان، گرین پارٹی کے رہنماء اقبال خان، ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی نائب صدر علامہ ولایت حسین جعفری اور ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ کے صدر ارباب لیاقت علی ہزارہ نے خطاب کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے علامہ سید حسن نصراللہ کی شجاعت کو خراج عقیدت پیش کی۔ مقررین نے کہا کہ علامہ سید حسن نصراللہ اور اسماعیل ہنیہ نے مقاومت کا راستہ اپناتے ہوئے غاصب اسرائیل کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، غاصب صیہونی رژیم کو حزب اللہ اور حماس نے بہت نقصان پہنچایا، انہوں نے پوری دنیا کو مقاومت کا درس دیا۔ مقررین نے کہا کہ اسرائیل ایک غاصب رژیم ہے، جو روز اول سے مسلمانوں کا قتل عام کر رہا ہے، پوری دنیا کے مسلمانوں کو متحد ہوکر اسرائیل کے ظلم و ستم کا راستہ روکنا ہوگا۔ اس موقع پر شرکاء نے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔
قارئین و ناظرین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔ (ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial