متعلقہ فائیلیںرپورٹ: نادر بلوچ
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں ڈی چوک پر مظاہرین اور پولیس کے درمیان شدید جھڑپیں شروع ہوچکی ہے، جبکہ وفاقی دارالحکومت میں موسلا دھار بارش کے دوران پولیس نے مظاہرین پر شیلنگ کی۔ اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری ہوئی جبکہ ڈی چوک میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں جاری رہیں، بارش کے باوجود مظاہرین جناح ایونیو پر موجود رہے۔ پی ٹی آئی کے مظاہرین ڈی چوک پر موجود ہیں جبکہ تیز ہوا کے باعث آنسو گیس کا دھواں قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کی جانب واپس جا رہا تھا، اس لیے وہ وہاں پیچھے ہٹنے پر مجبور ہوگئے۔ بعد ازاں بارش رکنے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اہلکار واپس ڈی چوک پہنچ گئے جبکہ پی ٹی آئی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ڈی چوک پر موجود اپنےحامیوں کی ایک ویڈیو شیئر کی۔
قبل ازیں تحریک انصاف کی جانب سے ڈی چوک اسلام آباد میں احتجاج کرنے پر فیض آباد کے قریب پولیس کے ساتھ جھڑپوں میں 200 سے زائد افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ صادق آباد پولیس نے انسپکٹر افتخار کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا، کارکنان کے خلاف مقدمہ انسداد دہشت گردی ایکٹ اور سولہ ایم پی او اقدام قتل و دیگر دفعات کے تحت درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزمان پاکستان اور ریاستی اداروں کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے پولیس پر پتھراؤ کیا، ملزمان کے پتھراؤ کے باعث موبائل وین کی اسکرین ٹوٹ گئی، قریبی دکانوں کو نقصان پہنچا۔ اسلام آباد پولیس نے سوہان، کری روڈ، اقبال ٹاؤن سے گھروں کو واپس جانے والے شہریوں کو گرفتار کرنا شروع کر دیا جبکہ مری روڈ پر مظاہرہ کرنے والے کارکنان کے خلاف مقدمات بھی درج کر لیے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کا قافلہ رات پتھر گڑھ کے مقام پر گزارنے کے بعد اسلام آباد کی جانب رواں دواں ہے، جو ٹیکسلا پہنچ چکا ہے، ڈنڈا بردار اور غلیلوں سے لیس بڑی تعداد میں کارکن بھی قافلے کا حصہ ہیں جبکہ کرینیں، شاول، فائر انجن اور ایمبولینسیں بھی قافلے میں شامل ہیں۔ اسلام آباد کے ڈی چوک پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ممکنہ احتجاج کے پیش نظر جڑواں شہر پابندیوں کی زد میں ہیں۔ پبلک ٹرانسپورٹ اور میٹرو بس سروس بھی معطل ہے، جس سے شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ ڈی چوک پر احتجاج کی کال پر وفاقی دارالحکومت آج دوسرے روز بھی مکمل بند ہے، جبکہ جگہ جگہ کنٹینرز اور خاردار تاروں کی باڑ اور دیگر رکاوٹیں قائم ہیں اور موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بھی شدید متاثر ہے۔ مظاہرین کو شہر اقتدار میں آنے سے روکنے کے لیے اٹک خورد میں شاہراہ بھی مسلسل بند ہے، مسافر اور مال بردار گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئی ہیں جبکہ سڑک کی بندش سے ٹرکوں میں موجود سبزی اور پھل خراب ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
قارئین و ناظرین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔ (ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial