متعلقہ فائیلیںرپورٹ: ایس ایم عابدی
کراچی کے علاقے اولڈ کلفٹن کی تاریخی سڑک کا نام شاہراہ امام خمینیؒ رکھ دیا گیا۔ اس مناسبت سے نقاب کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، کراچی میں متعین ایران کے قونصل جنرل حسن نوریان سمیت قونصلیٹ کے عہدیدار اور دیگر افسران بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔ اس موقع پر اولڈ کلفٹن سڑک کو ایران اور پاکستان کے پرچموں سے سجایا گیا تھا۔ نقاب کشائی کی تقریب سے خطاب میں میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ہمسایہ ملک ایران کے ساتھ پاکستان کے گہرے تاریخی اور ثقافتی تعلقات ہیں جن میں وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اضافہ ہوا ہے، پاکستان کی ترقی میں ایران کے کردار کے معترف ہیں، تاریخی برادرانہ رشتے کو مزید مستحکم کرنے کے لئے اولڈ کلفٹن کی تاریخی سڑک کا نام شاہراہ امام خمینیؒ رکھ دیا ہے، افتتاحی تقریب میں شرکت پر ایرانی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہیں، مستقبل میں پاکستان اور ایران کے تعلقات میں مزید وسعت اور گرم جوشی آئے گی۔ میئر کراچی نے کہا کہ کلفٹن گارڈن کو حضرت سلمان فارسیؓ سے منسوب کیا جا چکا ہے، تاریخی اور ثقافتی رشتے کبھی ختم نہیں ہوتے بلکہ ان میں وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مضبوطی آتی ہے، شاہراہوں کو نامور بین الاقوامی شخصیات سے منسوب کرنے کا مقصد ان کے کارناموں کو آنے والی نسلوں کے لئے زندہ رکھنا ہے۔
قارئین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔ (ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial