0
Saturday 10 Dec 2022 23:55

کراچی میں کتابوں کا شہر آباد، 17ویں بین الاقوامی کتب میلہ کی ویڈیو رپورٹ

متعلقہ فائیلیںرپورٹ: سید ظفر جعفری

شہر قائد میں کتابوں کا شہر آباد، کراچی کے ایکسپو سینٹر میں جاری پانچ روزہ 17ویں کراچی بین الاقوامی کتب میلہ دو ہزار بائیس کا آغاز جمعرات آٹھ دسمبر کو ہوا، کتب میلے کا افتتاح وزیر تعلیم و ثقافت سندھ سید سردار علی شاہ نے کیا۔ افتتاحی تقریب میں سفارتکاروں، مندوبین، سیاسی، علمی، سماجی، ادبی اور صحافتی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ عالمی کتب میلہ 12 دسمبر بروز پیر تک جاری رہے گا۔ کتب میلے میں شہریوں کی شرکت کا سلسلہ صبح دس بجے سے رات نو بجے تک جاری رہتا ہے۔ پاکستان پبلشرز اور بک سیلرز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقد ہونیوالی 17ویں کراچی انٹرنیشنل بک فیئر میں 17 ممالک کے تقریبا 40 پبلشرز اور پاکستان بھر سے 136 نامور پبلشرز نے اپنے اسٹالز لگائے ہیں۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ رواں برس کتب میلے میں 5 لاکھ سے زائد افراد کی شرکت متوقع ہے، جن میں کراچی سمیت ملک بھر کے شہری شامل ہیں۔ کتب میلے میں 20 سے 70 فیصد خصوصی رعایت پر ہزاروں کتب نمائش کیلئے رکھی گئی ہیں۔ جن میں قرآن کریم کے متبرک نسخے، اس کے تراجم، تفاسیر، احادیث، سیرت النبیؐ اور دینی موضوعات، ادب، تاریخ، ریاضی، فزکس، کیمسٹری، تجارت اور کاروبار کے علاوہ درسی کتب بھی شامل ہیں۔ کراچی ایکسپو سینٹر میں جاری کتب میلے میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین کے ساتھ بچوں کی دلچسپی دیکھنے سے تعلق رکھتی ہے۔

ایکسپو سینٹر کراچی میں پڑھانے اور پڑھنے والوں سمیت زندگی کے تمام ہی شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی دلچسپی کی کتابیں موجود ہیں۔ کتب میلے میں بچوں کے پبلشرز نے بہت بڑی تعداد میں بچوں کی کتب اور جرائد اور دیگر اشیاء رکھی ہیں۔ ان کی کتب اردو کے علاوہ انگریزی زبان میں بھی موجود ہیں۔ کراچی ایکسپو سینٹر میں ایک چھت تلے دنیا کی تقریباً ہر زبان اور موضوع پر ذخیرہ کتب متلاشیانِ علم کے ملاحظہ اور استفادہ کیلئے دستیاب رہے گا۔ ملکی و غیر ملکی ادب، قدیم و جدید تاریخ، نظم و نثر، سیاسیات، نقد و نظر، سائنس، کمپیوٹر ٹیکنالوجی اور معیشت جیسے متنوع عنوانات کے ساتھ ساتھ طلبا و طالبات کی نصابی ضروریات سے مطابقت رکھنے والی درسی کتب بھی مذکورہ عالمی کتاب میلہ میں رعایتی نرخوں پر فروخت کیلئے موجود رہیں گی۔ کتب میلے میں کتابوں کے علاوہ اور بہت سی مطبوعہ چیزیں، الیکٹرانک کتابیں یعنی ای بکس، آڈیو ویژول مصنوعات، نقشے اور ایسی ہی دیگر چیزیں مختلف اسٹالز پر موجود ہیں۔ کراچی میں ہر سال ہونے والا انٹرنیشنل بک فیئر کراچی کی ادبی اور ثقافتی سرگرمیوں کی بہت بڑی روایت بن چکا ہے۔ کتب میلے میں آئے ہوئے ادیب، شاعر، سماجی اور سیاسی شخصیات نے اس کتب میلہ کو کراچی شہر کیلئے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی نمائش کراچی کے امیج کو بہتر کرنے میں بہت معاون ثابت ہوگا۔ قارئین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔ (ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial/
خبر کا کوڈ : 1029453
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش