اسلام ٹائمز۔ دوحہ میں حکومت کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں قطر نے اس الزام کو مسترد کر دیا ہے کہ وہ داعش کی پشت پناہی کر رہا ہے۔ قطر کے وزیر خارجہ خالد بن العطیہ نے داعش کے ہاتھوں امریکی صحافی کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ انتہا پسند گروپوں کی حمایت نہیں کرتے اور کسی بھی قسم کے تشدد کی مذمت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انتہاپسندوں کا جو نظریہ ہے، وہ ہمارا نہیں اور نہ ہم کبھی اس کی حمایت کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکی صحافی جیمز فولے کا سر قلم کیا جانا اسلام کے رواداری کے اصولوں کے خلاف ہے اور ایک مجرمانہ فعل ہے۔