اسلام ٹائمز۔ 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر تحریک لبیک پاکستان ملتان کے زیراہتمام لبیک بیت المقدس و کشمیر ریلی نکالی گئی، ریلی چوک دولت گیٹ تا چوک گھنٹہ گھر تک نکالی گئی، جس کی قیادت ضلعی امیر فقیر افضل نقشبندی اور سرپرستی ڈویڑنل امیر علامہ محمد مجاہد اسماعیل رضوی نے کی، شرکائے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈویڑنل امیر محمد مجاہد اسماعیل رضوی نے کہا کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے، کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے، بھارتی ظلم و بربریت کو 77 سال گزر گئے جبکہ ہمارے حکمران اقوام متحدہ کی راہیں تک رہے ہیں، وہ کشمیر لے کر دینگے اقوام متحدہ نے کبھی کشمیر آزاد نہیں کروانا، حکومت پاکستان کو اب عملی اقدام اٹھانا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ انڈیا طاقت کی زبان سمجھتا ہے، کشمیر کی آزادی کا واحد حل اعلان جہاد ہے، ضلعی امیر فقیر افضل نقشبندی نے کہا کہ خالی مذمتیں کرنے سے کشمیر آزاد نہیں ہوگا۔ کشمیر کا واحد حل صرف جہاد فی سبیل اللہ ہے، مزید ان کا کہنا تھا کہ اقتدار میں آکر آزادی کشمیر کے لیے عملی قدم اٹھائیں گے، اس موقع پر ڈویڑنل ناظم چوہدری بلال نور رضوی اور معزز علماء کرام، سماجی شخصیات، انجمن تاجران، وکلاء برادری، حلقہ پی پیز کے امراء ناظمین سمیت کثیر تعداد میں یوسی کارکنان نے شرکت کی جنہوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے، جس پر کشمیر ہماری شہ رگ ہے، کشمیر چھین لینگے لبیک کہنے والے ، الجہاد الجہاد لبیک لبیک کے نعرے درج تھے۔