رپورٹ: ایس این حسینی
سالہائے گذشتہ کی طرح اس سال بھی 3 شعبان المعظم کو میلاد مسعود امام حسین علیہ السلام کی مناسبت سے تحریک حسینی اور طلاب مدرسہ آیۃ اللہ خامنہ ای کے زیر اہتمام مدرسہ ہذا میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلع کرم کی سیاسی اور سماجی تنظیموں نیز بڑی تعداد میں عوام الناس نے شرکت کی۔ جلسہ سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے مولا حسین علیہ السلام کی سیرت پر روشنی ڈالتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ علامہ سید عابد الحسینی نے کرم کی صورتحال کے حوالے سے خوارج، ان کے سہولت کاروں نیز ان کے شانہ بشانہ حکومتی رویئے کو بزدلانہ قرار دیا اور کہا کہ ایسی سازشوں سے وہ گھبرانے والے نہیں۔
سابقہ روایات کے مطابق جلسے میں تحریک کے سابقہ صدر علامہ سید تجمل الحسینی کو ان کی خدمات کے صلے میں تحریک کے سرپرست اعلیٰ نے تلوار پیش کی اور ساتھ روایتی لنگی پہنا کر ان کی خدمات کا اعتراف کیا۔ اس کے بعد سابق صدر نے اپنے خطاب میں اپنی صدارت کے دورانیہ میں کرم کی مختلف تنظیموں اور شخصیات کے تعاون اور ان کی محبتوں کا شکریہ ادا کیا۔ اس کے بعد علامہ سید عابد حسینی نے نومنتخب صدر سے حلف لیا، حلف کے بعد نومنتخب صدر نے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے اتحاد و اتفاق کو کرم کی کامیابی قرار دیا اور کرم کی تمام تنظیموں کے ساتھ اتفاق کے ساتھ مل کر چلنے کا اپنے عزم کا اظہار کیا۔
نومنتخب صدر تحریک حسینی پاراچنار ماسٹر حاجی یونس علی کا مختصر تعارف:
ماسٹر یونس علی ولد مشہد علی 1963ء کو پیواڑ میں پیدا ہوئے۔ 1979ء میں گورنمنٹ ہائی سکول پیواڑ سے میٹرک کیا۔ 1981ء میں گورنمنٹ ڈگری کالج پاراچنار سے ایف اے اور 1983ء میں بی اے کیا۔ 1984ء سے محکمہ ایجوکیشن میں بحثیت ایک ٹیچر خدمات سرانجام دیتے ہوئے 2021ء کو SST پوسٹ سے ریٹائرڈ ہوئے۔ دوران ملازمت ایم اے بھی پاس کیا۔
تنظیمی خدمات:
زمانہ کالج سے امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن سے منسلک رہے۔ اسی تنظیم کے تحت کالج میں تنظیمی خدمات انجام دیں اور اسی زمانے سے علامہ سید عابد حسین الحسینی کے قربت حاصل ہوئی تو کالح میں طلباء کیلئے جمعرات کو ہفتہ وار درس اخلاق کا پرگرام رکھا۔ جس کی وجہ سے طلباء اور علماء کے مابین رشتہ قائم ہوا۔ 1991ء سے تحریک جعفریہ پاراچنار کی رکنیت حاصل کی۔ 2006ء کو تحریک حسینی کے نئے سیٹ اپ اور پلیٹ فارم سے بحثیت ممبر سپریم کونسل خدمات انجام دیتے رہے۔ آج اتوار 3 شعبان مطابق 2 فروری 2025ء کو بحثیت صدر تحریک حسینی حلف اٹھا کر 2 سال کے لئے چارج سنبھال لیا۔