اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر نے زور دے کر کہا ہے کہ فلسطینیوں کو غزہ میں اپنے گھروں کو واپس جانے کی اجازت ہونی چاہیئے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے غزہ کی پٹی سے لوگوں کو نکالنے اور علاقے کو امریکی کنٹرول میں کرنے کی تجویز کے تناظر میں وزیراعظم کے وقفہ سوالات کے دوران، سر کیئر اسٹارمر نے کامنز کو بتایا ہے کہ فلسطینیوں کو "دو ریاستی حل کے راستے پر دوبارہ تعمیر کرنے کی اجازت ہونی چاہیئے اور ہمیں ان کے ساتھ ہونا چاہیئے۔"
وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے واضح طور پر صدر ٹرمپ کی غزہ پر تجاویز پر تنقید نہیں کی، لیکن انہوں نے ایک پائیدار جنگ بندی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جنگ بندی کا سب سے اہم پہلو اس کا مستقل ہونا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ بندی کو مختلف مراحل میں برقرار رکھا جانا چاہیئے، اس میں باقی قیدیوں کی بحفاظت رہائی اور غزہ کے لیے انسانی امداد کی فوری، مناسب فراہمی شامل ہے۔