اسلام ٹائمز۔ صیہونی وزیر اعظم نیتن یاہو نے فلسطینی قیدیوں کی رہائی روک دی۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق صیہونی فوج کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ حماس نے سات مزید قیدیوں کو رہا کر دیا ہے تاہم اسرائیل نے فلسطینی قیدیوں کی رہائی کو روک دیا ہے۔ اسرائیلی میڈیا سے سامنے آنے والی مختلف رپورٹس میں اس کی وجہ خان یونس میں اسرائیلی قیدیوں کی حوالگی کے حوالے سے سامنے آنے والے افراتفری کے مناظر بتائی جا رہی ہے۔ خیال رہے کہ حوالگی کے موقع کے مناظر کی ویڈیوز اور تصاویر سامنے آنے کے بعد اسرائیلی وزیر اعظم سمیت اعلیٰ حکام نے اپنے ردعمل میں شدید غصے کا اظہار کیا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز نے رپورٹ کیا ہے کہ جو بسیں فلسطینی قیدیوں کو لے کر جا رہی تھیں انھیں کہا گیا ہے کہ وہ واپس لوٹ جائیں۔ قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کے تحت جمعرات کو تین اسرائیلی قیدی سمیت سات غیر ملکیوں کو رہا کر دیا گیا تھا جس کے بدلے میں صیہونی حکومت کی جانب سے 110 فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا جانا تھا تاہم رپورٹس کے مطابق صیہونی وزیر اعظم نے فلسطینی قیدیوں کی رہائی روک دی ہے۔