0
Friday 24 Jan 2025 15:01

غزہ انسانیت کے ضمیر کا امتحان، اکثریت ناکام رہی، سید جواد نقوی

غزہ انسانیت کے ضمیر کا امتحان، اکثریت ناکام رہی، سید جواد نقوی
اسلام ٹائمز۔ تحریک بیداری امت مصطفی کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے امیر المومنین علی علیہ السلام کی حکمتوں کو سمجھنے اور ان پر عمل کرنے کو امت مسلمہ کی مشکلات کا حل قرار دیتے ہوئے کہا کہ انسان میں تقویٰ کا بیج احساس و شعور کی زمین میں بویا جاتا ہے، جہاں یہ شعور انسان کو اپنی حقیقت، ذمہ داریوں کا ادراک، جدوجہد اور سنجیدگی عطا کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہی کیفیت امیرالمومنین علی علیہ السلام کے اس حکمت میں جھلکتی ہے، جب آپؑ سے ان کا حال دریافت کیا گیا تو آپؑ نے فرمایا کہ اس کا بھلا کیا حال کیا ہوگا جسے زندگی موت کی طرف لے جا رہی ہو، جس کی صحت بیماری کا پیش خیمہ ہو، اور جسے اپنی پناہ گاہ سے گرفت میں لے لیا جائے۔
 
علامہ سید جواد نقوی نے غزہ کی موجودہ صورتحال کو مسلمانوں کے تقویٰ سے دوری کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انسانیت کے ضمیر کا یہ امتحان اکثریت کیلئے ناکامی کا سبب بنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ بندی کے بعد فلسطین اور بالخصوص اقصیٰ کی آزادی کی آواز بلند کرنا اور مظلوم فلسطینیوں کی جدوجہد کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا پہلے سے کہیں زیادہ ضروری ہو چکا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مسلمانوں کو ان ظالم قوتوں کیخلاف ایک منظم اور بھرپور تحریک چلانے کی ضرورت ہے، کیونکہ اگر امریکہ اور اسرائیل کی خواہشات کے مطابق اقصیٰ اور فلسطین کی آزادی کی آواز کو دبایا گیا، تو یہ شہداء کی قربانیوں سے سنگین خیانت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کے شہداء کے خون کا بدلہ صرف اسرائیل کی نابودی اور اقصیٰ کی مکمل آزادی سے لیا جا سکتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 1186265
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش