اسلام ٹائمز۔ وفاقی حکومت کی جانب سے پیکا ترمیمی ایکٹ 2025 منظور ہونے پر لاہور پریس کلب کی گورننگ باڈی نے تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ اس قسم کے ہتھکنڈے حکومتی بوکھلاہٹ کی نشانی ہے۔ صدر ارشد انصاری کا کہنا تھا کہ پیکا ایکٹ پر مشاورت کیلئے فریقین سے حکومت نے زوم میٹنگ کی لیکن اس میٹنگ کیلئے کوئی تحریری مسودہ فراہم نہیں کیا گیا اور صرف اشک شوئی کیلئے میٹنگ کی گئی جس میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے تحفظات کا اظہار کیا تھا، لیکن حکومت نے عجلت میں کثرت رائے سے ترمیمی ایکٹ مںظور کر لیا گیا ہے۔
صدر ارشد انصاری نے کہا کہ آزادی اظہار کی آڑ میں ہم کسی بے لگام آزادی کے حق میں نہیں، لیکن اس طرح بغیر مشاورت مسلط کئے گئے قانون قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیکا ترمیمی ایکٹ یکسر مسترد کرتے ہیں اور جوائنٹ ایکشن کمیٹی جو بھی احتجاجی عمل ترتیب دے گی، لاہور پریس کلب اس پر عمل کرے گا۔ صدر ارشد انصاری نے کہا کہ عدالتوں میں جانے کا آپشن بھی استعمال کریں گے، احتجاج کیلئے ہر طریقہ استعمال کرتے ہوئے اس پیکا ترمیمی ایکٹ پر مزاحمت کریں گے۔