0
Friday 24 Jan 2025 21:52

ہندوؤں اور مسلمانوں کے درمیان دشمنی پھیلانے والے ہندو نہیں ہوسکتے، ادھو ٹھاکرے

ہندوؤں اور مسلمانوں کے درمیان دشمنی پھیلانے والے ہندو نہیں ہوسکتے، ادھو ٹھاکرے
اسلام ٹائمز۔ شیو سینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے بھارتیہ جنتا پارٹی پر سخت تنقید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے والا ہندو نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کی پارٹی کا ہندوتوا واضح ہے۔ مہاراشٹر کے سابق وزیراعلیٰ نے بی جے پی کی زیرقیادت مرکزی حکومت کو بیلٹ پیپر پر انتخابات کرانے کا چیلنج بھی دیا۔ وہ شیوسینا کے بانی بالاصاحب ٹھاکرے کے یوم پیدائش کے موقع پر جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔ ادھو ٹھاکرے نے بی جے پی کی حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ کو تھوڑی سی بھی شرم ہے تو الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں "ای وی ایم" کو ایک طرف رکھیں اور بیلٹ پیپر کے ذریعے انتخابات کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی ہندو مسلم دشمنی پھیلاتا ہے وہ ہندو نہیں ہو سکتا، ہمارا ہندوتوا واضح ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ 2024ء کے مہاراشٹر اسمبلی انتخابات شیو سینا کے لئے ایک بہت بڑی شکست تھی، اسے صرف 20 سیٹوں پر کامیابی ملی تھی، جب کہ بی جے پی کی قیادت والی مہایوتی نے 235 سیٹوں کے ساتھ زبردست جیت درج کی۔

دریں اثنا "انڈیا الائنس" میں اپوزیشن کے بہت سے لیڈر انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں (ای وی ایم) پر سوال اٹھا رہے ہیں اور مطالبہ کر رہے ہیں کہ انتخابات بیلٹ پیپرز کے ذریعے کرائے جائیں۔ اس مہینے کے شروع میں چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے ووٹنگ کے لئے پیپر بیلٹ پر واپس جانے کی تجویز کو مسترد کر دیا تھا۔ اس ہفتے دہلی ہائی کورٹ کی ایک ڈویژن بنچ نے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں (ای وی ایم) کے استعمال کو چیلنج کرنے والی ایک اپیل کو خارج کر دیا۔ درخواست گزار نے ای وی ایم کے استعمال پر تشویش کا اظہار کیا تھا اور دلیل دی تھی کہ متعلقہ قانون کی دفعہ 61 اے کے تحت جواب دہندہ (الیکشن کمیشن آف انڈیا) کو ہر حلقے میں ای وی ایم کے استعمال کے لئے علیحدہ جواز فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔
خبر کا کوڈ : 1186306
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش