اسلام ٹائمز۔ سابق صوبائی وزیر ثوبیہ جے مقدم نے گلگت بلتستان کی مختلف سیاسی جماعتوں کی قد آور شخصیات کو صدر پیپلز پارٹی گلگت بلتستان امجد حسین صاحب کی قیادت پر مکمل اعتماد کرتے ہوئے پیپلز پارٹی میں شامل ہونے پر مبارک باد دی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی واحد سیاسی جماعت ہے جس نے گلگت بلتستان کے دبے اور پسے ہوئے، محنت کش اور غریب عوام کے بنیادی حقوق کیلئے جدوجہد کر کے عوام میں سیاسی بیداری پیدا کر کے اپنی طاقت کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ سماجی انصاف، قانون کی حکمرانی اور انسانی وقار پر مبنی معاشرے کیلئے جدوجہد کی ہے اور جاری رکھے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی وفاق کی علامت ہے جس نے وفاق کی بنیاد پر سیاست کا آغاز کیا۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری ایک عظیم سیاسی سوچ اور دانش کے حامل رہنما ہیں جو پیدائشی اصلاح پسند ہیں، اپنی کرشماتی شخصیت سے قوم کو قائل کرنے اور رہنمائی کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ سابق سپیکر و بزرگ سیاستدان فدا محمد ناشاد، سابق صوبائی وزراء اقبال حسن، حیدر خان، گلگت بلتستان نیشنل موومنٹ کے چیئرمین ڈاکٹر عباس، سابق ارکان اسمبلی وزیر حسن، آمنہ انصاری، سیاسی و سماجی شخصیات محمد نسیم خان، خادم دلشاد شگری، وزیر تاجور، امیر خان اور وزیر ذوالفقار کو پیپلز پارٹی میں شامل ہونے پر پیپلز پارٹی کے قائدین اور کارکنان خوش آمدید کہتے ہیں اور اپنے تمام تر تجربات اور تعاون کی یقین دھانی کراتے ہیں۔