0
Monday 23 Sep 2024 17:06

اسرائیلی انٹیلی جنس کا غزہ میں فضائی حملے کے دوران یحییٰ سنوار کی شہادت کا دعویٰ

اسرائیلی انٹیلی جنس کا غزہ میں فضائی حملے کے دوران یحییٰ سنوار کی شہادت کا دعویٰ
اسلام ٹائمز۔ اسرائیل کے ملٹری انٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے غزہ میں فضائی حملے کے دوران یحییٰ سنوار کی شہادت کا دعویٰ کیا گیا ہے تاہم اسرائیل نے اب تک اس خبر کی تصدیق نہیں کی جب کہ حماس کا اپنے سربراہ سے کئی گھنٹوں سے رابطہ نہیں ہوا۔ برطانوی اخبار دی ڈیلی ٹیلی گراف کے مطابق اسرائیل نے حماس کے رہنما یحییٰ سنوار کی فضائی حملے میں شہادت کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جن کی غیر مصدقہ خبریں مختلف ذرائع ابلاغ کی جانب سے رپورٹ کی جارہی ہیں۔ کان پبلک براڈکاسٹر، ہاریٹز، ماریو اور والا نیوز سائٹس کے مطابق اسرائیل کے ملٹری انٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ غزہ میں فضائی حملوں کے دوران یحییٰ سنوار شہید ہوگئے ہیں۔ تاہم ان کے اس دعویٰ کو ثابت کرنے کے لیے ثبوت ناکافی ہیں، خود اسرائیلی فوج اور انٹیلی جنس سروسز بھی اس دعوے کی تحقیقات کر رہی ہیں۔

یاد رہے کہ اسرائیلی فوج اور حکام یحییٰ سنوار پر 7 اکتوبر کو اسرائیل پر ہونے والے حملے کا ماسٹر مائنڈ ہونے کا الزام عائد کرتے رہے ہیں۔ غیر ملکی میڈیا نے اپنی رپورٹس میں دعویٰ کیا کہ حماس رہنماؤں کا گزشتہ کئی گھنٹوں سے یحیٰی سنوار سے کوئی رابطہ نہیں ہوا۔ اسرائیلی انٹرنل انٹیلی جنس شن بیٹ کے ذرائع کے مطابق انہیں شبہ ہے کہ یحییٰ سنوار اب بھی زندہ ہیں۔ دیگر رپورٹس میں بتایا گیا یحییٰ سنوار غزہ میں حماس کے سرنگوں میں چھپے ہوئے ہیں، انہوں نے ریڈار سے دور جانے کا انتخاب کیا ہے، وہ پہلے بھی ایسا کرچکے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے کہا کہ ’ہمارے پاس اس معاملے کی تصدیق یا تردید کرنے کے لیے کوئی معلومات نہیں ہیں۔ یاد رہے کہ اسمٰعیل ہنیہ کی شہادت کے ایک ہفتے بعد حماس نے غزہ کی پٹی کے کے لیے یحییٰ سنوار کو اپنا نیا سیاسی سربراہ نامزد کیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 1161847
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش