مولانا منیر حسین جعفری نے شہید علامہ سید عارف حسین الحسینی اور علامہ سید عابد حسین الحسینی سے کسب فیض کرتے ہوئے ابتدائی دینی تعلیم مدرسہ جعفریہ پاراچنار میں حاصل کی جبکہ اعلٰی دینی تعلیم کیلئے قم چلے گئے، قم میں کئی سال گزارنے کے بعد وطن لوٹ کر اپنا زیادہ تر وقت قوم کی خدمت کیلئے وقف کر دیا۔ ابتداء ہی سے تحریک حسینی میں فعال رہنماء کی حیثیت سے کام کرتے رہے، 2012ء میں تحریک کے صدر منتخب ہوئے اور پھر 2014ء میں دوبارہ صدر منتخب ہوکر 2016ء تک بحیثیت صدر تحریک حسینی مسلسل چار سال تک خدمات انجام دیتے رہے۔ اسکے بعد بھی تحریک حسینی کی سپریم کونسل کے ممبر کی حیثیت سے کام کر رہے ہیں۔ اسلام ٹائمز نے مختلف موضوعات پر انکے ساتھ ایک خصوصی نشست رکھی، جسے اپنے محترم قارئین کی خدمت میں پیش کرتے ہیں۔(ادارہ)
اسلام ٹائمز: علامہ عابد الحسینی صاحب نے کرم میں قومی حقوق کے حوالے سے دورہ جات کا آغاز کیا ہے، اسکے کیا مقاصد ہیں۔؟
مولانا منیر حسین جعفری: کرم میں اب بھی کئی مسائل حل طلب ہیں، بالشخیل کا مسئلہ جوں کا توں ہے، ہم نے ہمیشہ یہی کہا ہے کہ ہم کسی اور کا حق نہیں چھیننا چاہتے اور اس کے ساتھ اپنا حق بھی کسی کو نہیں چھیننے دیں گے۔ یہ شرعی مسئلہ ہے، انہی مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے آغا عابد حسینی نے کرم بھر کے دورہ جات کا آغاز کیا ہے اور ان دورہ جات کا مقصد عوام میں اپنے حقوق کے لئے شعور بیدار کرنا ہے۔ پہلے عوام کو شعور و آگاہی دی جائے گی اور انہیں اپنے حقوق کے حصول کے لئے آمادہ کیا جائے گا، اس کے بعد قیادت جو فیصلہ کرے گی، سب اس کے ساتھ ہوں گے۔
اسلام ٹائمز: کیا حکومت کیساتھ اس حوالے سے آپ لوگوں کی کوئی بات ہوئی ہے، اگر ہوئی ہے تو کیا حکومت نے آپکے مطالبات تسلیم نہیں کئے۔؟
مولانا منیر حسین جعفری: حکومت کیساتھ تو ہم ہر مرحلہ پر بیٹھے ہیں، ان کو کہا ہے کہ ہم صرف اور صرف اپنے حقوق کا تحفظ چاہتے ہیں، ہمیں ہمارا حق دیا جائے اور دوسروں کو ان کا حق دیا جائے۔ حکومت نے صرف یقین دہانیاں کرائی ہیں، نشستیں اور جرگے ہوئے ہیں، لیکن افسوس عملدرآمد نہیں ہوسکا۔ مجھے آپ بتائیں کہ ہم نے کونسا غیر قانونی، غیر آئینی اور غیر شرعی مطالبہ کیا ہے؟ اگر مطالبات تسلیم نہیں کئے جاتے، تب ہی عوام مجبور ہوکر سڑکوں پر آتی ہے۔
اسلام ٹائمز: گذشتہ دنوں یہ باتیں گردش کر رہی تھیں کہ امریکہ کرم کے سرحدی علاقہ میں فوجی اڈے قائم کرنا چاہتا ہے، اس حوالے سے کیا کہیں گے۔؟
مولانا منیر حسین جعفری: بالکل، یہ باتیں تو چل رہی تھیں، لیکن وفاقی حکومت کی جانب سے بیان سامنے آیا اور ایسی کسی بھی قسم کی اطلاعات کی تردید کی گئی، میں سمجھتا ہوں کہ یہ اچھی بات ہے۔ لیکن ہم حکومت پر آپ کے وساطت سے ایک بات پھر یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ اگر امریکہ کو کسی قسم کا اڈہ یا ائیر بیس دینے کی کوشش کی گئی تو اسے ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
اسلام ٹائمز: کچھ عالمی حالات پر آپکا نقطہ نظر لینا چاہوں گا، اسرائیل کے فلسطینی عوام پر کچھ دن قبل کئے جانیوالے مظالم اور پھر حماس کیجانب سے بھرپور جواب پر آپ کیا کہیں گے۔؟
مولانا منیر حسین جعفری: اسرائیل کو ہمیشہ کی طرح اس بار بھی شکست فاش ہوئی ہے، اب فلسطینی پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہوچکے ہیں۔ آپ نے دیکھا کہ کس طرح ایران نے ان کی مدد کی اور پھر انہوں نے اس بات کا اعتراف شکریہ کے ساتھ کیا۔ اسرائیل روز بروز کمزور ہوگا۔ وہ فلسطینی جو اسرائیلی فوجیوں کو پتھروں سے مارتے تھے، اس مرتبہ انہوں نے میزائلوں سے جواب دیا۔ یہ جنگ اسرائیل روکنے پر مجبور ہوا ہے، میں سمجھتا ہوں کہ وقت گزرنے کیساتھ ساتھ مقاوومتی قوتیں مضبوط سے مضبوط تر ہوتی جا رہی ہیں اور امریکہ، اسرائیل اور اس کے اتحادی ممالک کمزور سے کمزور تر ہو رہے ہیں۔
اسلام ٹائمز: مسئلہ فلسطین پر بعض خائن مسلم ممالک کا رویہ شرمناک رہا ہے، اس حوالے سے کیا کہیں گے۔؟
مولانا منیر حسین جعفری: کوئی فرق نہیں پڑتا، انہوں نے تو امریکہ اور اسرائیل کی نوکری کرنی ہے، نہ مسئلہ فلسطین کو ان کی پہلے ضرورت تھی اور نہ آئندہ ہوگی۔ رہبر معظم سید علی خامنہ ای دنیا بھر کے مظلومین کے دکھوں کا مداوا کر رہے ہیں، ان کی قیادت میں مظلومین طاقتور ہو رہے ہیں، چاہے وہ یمن کا مظلوم ہو، کشمیر کا، فلسطین کا، یا پھر کسی اور ملک کا۔ ہمارا مکتب مظلوم کا حامی ہے اور ہمارے رہبر کی قیادت میں ہی مظلومین کو فتح ہوگی، ان خائن مسلم حکمرانوں کے ہونے یا نہ ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔